مریم نواز کے نوٹس کا تفصیلی جواب دیں گے :سالک حسین
کرپشن پر ردعمل سمجھ سے باہر، مریم نواز کو یہی پیغام کہ معاملے کو پرسنل نہ لیں ڈپٹی کمشنر کو میری ہدایت تھی میرا سپورٹر یا جاننے والا کام لائے تو میرٹ دیکھیں
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے کہا مجھے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کل ہی قانونی نوٹس موصول ہوا ہے اس کا جلد جواب دوں گا، ڈرافٹ بنا رہے ہیں، تفصیلی اور اچھا جواب دیں گے ۔انہوں نے ٹی وی چینل میں کہا کہ میرے انٹرویو نشر ہونے سے لے کر اب تک کتنے لوگ گرفتار ہوئے ؟ آپ پنجاب میں کرپشن کے علاوہ اور کوئی خبر سن رہے ہیں؟ فلاں کو پکڑ لیا، اتنے ارب کا گھپلا، کیا آپ کے سامنے یہ نہیں ہو رہا؟ میں نے یہی بات کی کہ پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں سنتا ہوں، کرپشن کی کہانیاں ہیں لیکن اگر کوئی پرسنل لے تو کیا کہہ سکتا ہوں۔
سالک حسین نے کہا کہ مریم نواز نے جو باتیں کیں میں نے بھی وہی بات کی اور کیا کہا؟ انٹرویو 25 ستمبر کا ہے ڈی سی تو اس وقت لگا ہوا تھا اچھی کوآرڈینیشن تھی، ڈپٹی کمشنر کو کبھی میں نے آج تک ذاتی کام نہیں کہا، ان کو میری ہدایت تھی میرا سپورٹر یا جاننے والا کام لائے تو میرٹ دیکھیں، گجرات میں سیوریج کا پراجیکٹ ہے اس سے متعلق شروع میں بات کی تھی، میں نے کہا تھا کہ ایسا ڈی سی لائیں جس کا ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر تجربہ ہو، ایسا نہیں کہ میں ناراض ہوگیا تھا کہ مرضی کا ڈی سی کیوں نہیں لگایا، ڈی سی نہ لگنے پر وہ لوگ ناراض ہوتے ہیں جس کے کام اس طرح کے ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن موجود ہے اور ہر کوئی قبول کرتا ہے اسمبلی میں بھی قبول کیا گیا، بات کو ذاتیات پر نہیں لینا چاہیے تھا یہ نہیں کہنا چاہیے تھا عدالت میں گھسیٹوں گی، یہ بات نہیں کرنی چاہیے تھی کہ تمہیں عدالتوں میں گھسیٹوں گی اس کا کیا مطلب ہے ۔ مریم نواز نے خود قبول کیا کرپشن ہے ان کا ردعمل سمجھ سے باہر ہے ، مریم نواز کو یہی پیغام ہے کہ اس معاملے کو پرسنل نہ لیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments