تربیلا ڈیم :کھدائی کے دوران چٹان گرنے سے پانی سرنگ اور پاور ہاؤس میں داخل، تعمیراتی کام معطل

تربیلا ڈیم :کھدائی کے دوران چٹان گرنے سے پانی سرنگ اور پاور ہاؤس میں داخل، تعمیراتی کام معطل

پانچویں توسیعی منصوبے کی ٹنل کے تعمیراتی حصے کو حادثہ پیش آیا، ایک مزدور زخمی ،تمام ملکی و غیر ملکی ورکرز کو بحفاظت نکال لیا:ترجمان واپڈا،سرنگ منہدم ہونے کی تردید ان ٹیک پٹ سے پانی نکال لیا، پاور ہاؤس سے نکالنے کا عمل جاری، مزید پانی داخل نہیں ہورہا، دریا ئے سندھ میں بہاؤ بڑھنے کا الرٹ ، دریا کنارے آباد شہریوں کو احتیاط کا مشورہ

ہری پور(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)تربیلا ڈیم پانچویں توسیعی منصوبے کی کھدائی کے دوران چٹان گرنے سے پانی سرنگ اور پاور ہاؤس میں داخل ،تعمیراتی کام معطل کردیا گیا۔حادثے میں ایک مزدور زخمی ہو گیا۔ واقعہ کے بعد منصوبے کے مقام پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، حفاظتی اقدامات شروع ہو گئے ۔ واپڈا کی جانب سے بتایا گیا کہ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے پر کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گر گیا، چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے ذخیرہ شدہ پانی ان ٹیک پٹ سے ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔بیان میں بتایا گیا کہ تمام ملکی و غیرملکی ورکرز کو فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا ہے ، ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکالا جاچکا ہے ، زیر تعمیر پاور ہاؤس سے بھی پانی نکالنے کا عمل شروع کیا جا چکا ہے ۔

یہ بھی بتایا گیا کہ اس وقت زیریں جانب واقع ورک سائٹس پر مزید پانی داخل نہیں ہورہا، واپڈا کے سینئر آفیسرز، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، تربیلا کی ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی زیر گردش اطلاعات غلط ہیں۔واپڈا کی جانب سے بتایا گیا کہ پراجیکٹ کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا، تمام ورکرز محفوظ ہیں اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد نے بھی کہا ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ڈیم کا ڈھانچہ محفوظ ہے ۔ٹنل کا حصہ گرنے کے بعد پانچویں توسیعی منصوبے پر کام فوری طور پر بند کردیا گیا۔ان کے مطابق وہ خود جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے ۔واضح رہے کہ تربیلا ڈیم کا پانچواں توسیعی پن بجلی منصوبہ زیرِ تعمیر ہے ۔ اس منصوبے کا مقصد ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے ۔دوسری جانب دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر ہری پورکا کہنا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 دن میں دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کاامکان ہے ، دریائے کنارے آباد شہری احتیاطی تدابیراختیارکریں، شہری اپنے مال مویشیوں کو فوری محفوظ مقامات پرمنتقل کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...