پختونخوا:فورسز کا آپریشن،خوارج کے مساجد میں قائم 2 ٹھکا نے ختم ،بھاری اسلحہ برآمد
میر علی میں ٹھکا نوں سے بھاری اسلحہ برآمد :ترجمان فوج،مساجد کا مذموم مقاصد کیلئے استعمال قابل مذمت،صدر،وزیراعظم ہنگو میں دہشتگردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، ایک اہلکار شہید، 3 اغوا ، کانسٹیبل فیروز شہید ہو گئے ،حملہ آور سمانہ کی طرف فرار
راولپنڈی،اسلام آباد،ہنگو (دنیا نیوز،نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک )سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے مساجد میں قائم 2 ٹھکانے ختم کر دیئے ، بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواداور اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ ضلع ہنگو میں نامعلوم دہشتگردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر کے ایک اہلکار کو شہید،3 کو اغوا کر لیا ۔ صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے وزیرستان میں آپریشن کی کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ 8 نومبر کو سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوبی مضافات میں واقع گاؤں موزک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
، جس کا ہدف مبینہ طور پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ٹھکانے تھے ۔سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران خوارج کی جانب سے مساجد میں قائم دہشت گردوں کے 2 ٹھکانوں کو کلیئر کر دیا، اس کارروائی کے دوران پہلے سے تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات(آئی ای ڈیز)،دھماکا خیز مواد کی تیاری میں استعمال ہونیوالا سامان، اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا ۔ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر )کے مطابق دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز چلانے کیلئے دانستہ طور پر مساجد میں ٹھکانے قائم کر رکھے تھے ،افغان طالبان کی پشت پناہی میں سرگرم یہ خارجی دہشت گرد اسلام سے کوئی تعلق نہیں رکھتے ، علاقے میں مزید بھارتی سرپرستی میں قائم دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کاکلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کی معاونت سے سرگرم یہ خوارج اسلام سے کوئی تعلق نہیں رکھتے اور مذہب کی گمراہ کن تشریح اور غلط استعمال کو خیبرپختونخوا اور پاکستان کے عوام مسترد کرتے ہیں،علاقے میں بھارتی سرپرستی میں قائم دیگر دہشتگرد ٹھکانوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔
ادھرصدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ، جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ مساجد کو بارودی مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز کے طور پر استعمال کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی ہے ،دہشت گردوں کی جانب سے مقدس مقامات کی بے حرمتی اور انہیں مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنا قابلِ مذمت ہے ،افغان طالبان کی معاونت سے سرگرم دہشت گرد عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، مذہب کی من پسند تشریح اور ناجائز استعمال ناقابلِ قبول ہے ،فتنہ الخوارج کی دہشت گردانہ کارروائیاں اور مساجد کی بے حرمتی ان کے اسلام دشمن عزائم کا واضح ثبوت ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے مساجد کو دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال کرنا اسلام اور مقدس مقامات کی صریح بے حرمتی ہے ،سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments