سیلز گرل پر تشدد کر نیوالاگرفتار،لڑکی کے تھانے میں ملزم کوتھپڑ:وزیراعلیٰ نے ویڈیو شیئر کر دی
مدینہ ٹاؤن میں حامد دکان کا کرایہ وصول کرنے پہنچا،دکاندار مو جود نہیں تھا ،سیلز گرل سے تلخ کلامی پر اس کو مارنے لگا،ویڈیو وائرل کوئی کتنا بااثر ہو روزگار کیلئے نکلنے والی خاتون کے استحصال پر سزاسے نہیں بچے گا،اسے ذلت کا سامنا کرنا پڑیگا:وزیر اعلیٰ کا ایکس پرپیغام
فیصل آباد، لاہور (سٹی رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) فیصل آباد میں کرائے کے تنازع پر گارمنٹس شاپ پر مو جو د سیلز گرل کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا، تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ۔ تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقے میں گارمنٹس سٹور پر ملزم حامد دکان کا کرایہ وصول کرنے پہنچا۔ دکاندار کی عدم موجودگی میں ملزم اور وہاں کام کرنے والی سیلز گرل کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔ ملزم کی جانب سے مبینہ طور پر گالم گلوچ کی گئی، جس پر متاثرہ لڑکی نے اسے منع کیا تو ملزم طیش میں آگیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ دریں اثنا لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کی گرفتاری کے بعد ایک نئی ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں متاثرہ خاتون تھانے میں ہتھکڑی لگے ملزم کو تھپڑ مارتی دکھائی دے رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بھی اس ویڈیو کو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا روزی کمانے کیلئے روزانہ گھر سے نکلنے والی بے بس خاتون پر ہاتھ اٹھانے والے شخص کو اسی ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کو بھی یہ حق اور موقع ملنا چاہیے کہ وہ ایسے شخص کو تھپڑ مار سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی شخص خواہ کتنا ہی دولت مند، بااثر یا طاقتور کیوں نہ ہو، کسی عام شہری کو خوف زدہ کرنے ، اس کا استحصال کرنے یا اسے نقصان پہنچانے کے بعد سزا سے نہیں بچ سکے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ریاست کمزور شہریوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہوگی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کمزور شہریوں پر ظلم کرکے بچ نکلنے کا دور ختم ہو چکا ہے ،شہریوں کا استحصال برداشت نہیں کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments