سندھ اسمبلی انتظامیہ سے ریجنل اسپیکرز کانفرنس پرخرچے کی تفصیل طلب
کراچی (رپورٹ :شمس کیریو) سندھ اسمبلی انتظامیہ نے دو دن کی ایشیا ریجنل اسپیکرز کانفرنس پر 20 کروڑ روپے خرچ کردیئے ۔۔۔
آڈیٹر جنرل نے تمام اخراجات کی تفصیل مانگ لی تاہم اسمبلی انتظامیہ متعلقہ تفصیلات فراہم نہیں کر سکی ہے ۔ ذرائع کے مطابق فروری 2026 میں سندھ اسمبلی کی میزبانی میں ریجنل ایشیا اسپیکرز کانفرنس بلائی گئی تھی جس میں چند ممالک کے اسپیکرز شریک ہوئے تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اسمبلی کے ڈی ڈی او اسپیشل سیکریٹری حبیب سمیجو کی جانب سے اسپیکرز کانفرنس میں شریک مہمانوں کے کھانے ، ٹرانسپورٹ ، رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے 20 کروڑ روپے کی درخواست کی گئی جس پر اے جی سندھ نے متعلقہ رقم جاری کردی ۔ سندھ اسمبلی کی انتظامیہ نے رقم خرچ بھی کردی لیکن 100 سے بھی کم غیر ملکی مندوبین پر 20 کروڑ روپے خرچ کرنے کی تفصیل نہیں بتائی کہ ایک مہمان پر کتنی رقم خرچ ہوئی ۔اس سلسلے میں آڈیٹر جنرل کی جانب سے اخراجات کا آڈٹ شروع کردیاگیا ہے اور تفصیلات طلب کرلی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کی انتظامیہ آڈٹ ٹیم کو ابھی تک ریکارڈ فراہم نہیں کر سکی ہے ۔ آڈٹ ٹیم کی جانب سے کہا گیا کہ انہیں تفصیلی بتایا جائے کہ اسپیکرز کانفرنس میں شریک ہونے والے مہمانوں پر 20 کروڑ روپے کس کس مد میں خرچ کئے گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments