میرپورخاص:مزید 14مشتبہ ملازمین کی بھرتی، وزیر تعلیم کا نوٹس
جعلی بھرتیوں، مشتبہ ملازمین کی پرسنل آئی ڈیز کی تخلیق و دیگر کی تحقیقات کاحکم قبل ازیں 9 اساتذہ کی بھرتی کا انکشاف ہوا تھا،مشتبہ ملازمین کی تعداد 23 ہو گئی
میرپورخاص (بیورو رپورٹ) ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن سیکنڈری میرپورخاص محمد اقبال کنبھر کی نشاندہی پر سرکاری اسکولوں میں مزید 14 مشتبہ اساتذہ و ملازمین کی بھرتیوں کا معاملہ سامنے آنے کے بعد صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ وزیر تعلیم نے مبینہ جعلی بھرتیوں، مشتبہ ملازمین کی پرسنل آئی ڈیز کی تخلیق، سرکاری خزانے سے تنخواہوں کی ادائیگی اور ممکنہ مالی بے ضابطگیوں کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی ہے ۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق نشاندہی کیے گئے مشتبہ ملازمین کے نام محکمہ تعلیم کے بائیومیٹرک رجسٹریشن ڈیٹا بیس میں بھی موجود نہیں ہیں، جبکہ کراچی سے میرپورخاص مبینہ غیر قانونی تبادلوں اور باقاعدہ محکمانہ احکامات کے بغیر ملازمین کی تعیناتی کے معاملات بھی تحقیقات کے دائرے میں شامل کیے گئے ہیں۔ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کے لیے سیکریٹریٹ سطح کے سینئر افسران پر مشتمل اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو بھرتیوں کے طریقہ کار، تنخواہوں کی منظوری و ادائیگی اور سرکاری فنڈز کے ممکنہ غلط استعمال کا جائزہ لے گی ۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس میرپورخاص کے ممکنہ کردار اور مشتبہ ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے عمل کی بھی الگ سے تحقیقات کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن سیکنڈری محمد اقبال کنبھر کی نشاندہی پر مبینہ جعلی بھرتیوں کے ذریعے تعینات 9 اساتذہ کے معاملے کا انکشاف ہوا تھا، جبکہ مزید 14 مشتبہ ملازمین کی نشاندہی کے بعد ایسے ملازمین کی مجموعی تعداد 23 ہوگئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments