یونیورسٹی کا معاملہ، ابرارالحق اور احسن اقبال میں تکرار

یونیورسٹی کا معاملہ، ابرارالحق اور احسن اقبال میں تکرار

سیکرٹری نے کہا حکومت کہے گی تو نوٹیفکیشن ہو گا، میں انکو کہنا نہیں چاہتا:ابرار نیک مقصد کیلئے یونیورسٹی ہوتی تو لوگ الیکشن میں مسترد نہ کرتے :احسن اقبال سب کو پتا ہے وہ فارم 47تھا،اب عدالت ہی یہ یونیورسٹی بنائے گی:ابرار الحق

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) صحارا فار لائف ٹرسٹ کے چیئرمین ابرار الحق اور وفاقی وزیر احسن اقبال کے درمیان یونیورسٹی نہ بننے پر تکرار ہوگئی۔ ابرار الحق نے علامہ اقبال ڈے کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے کئی سالوں سے صحارا فار  لائف ٹرسٹ کی یونیورسٹی کا نوٹیفکیشن نہیں ہورہا، سیکرٹری نے کہا حکومت کہے گی تو نوٹیفکیشن ہوجائے گا، لیکن میں حکومت کو کہنا نہیں چاہتا۔ صحارا فار لائف ٹرسٹ کی یونیورسٹی پارلیمنٹ ایکٹ کے ذریعے کئی سال پہلے منظور ہوگئی تھی، صرف نوٹیفکیشن جاری نہیں ہورہا ، جب میں سیکرٹری کے پاس گیا تو انہوں نے کہا مہربانی ہوگی کہ حکومت کہہ دے گی تو ہمارے لئے آسانی ہوجائے گی،اب جب ہم بار بار تعلیم اور اس کی اہمیت کی بات کرتے ہیں تو مجھے تھوڑا سا دکھ ہوتا ہے ، میں تو اب سیاست بھی چھوڑ چکا ہوں۔اب یونیورسٹی کیوں نہیں بن سکتی؟ لاہور ہائیکورٹ دو بار نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے چکی ہے لیکن تاحال نوٹیفکیشن نہیں ہوا، ان پر توہین عدالت بھی لگ چکی ہے لیکن یہ لوگ بضد ہیں کہ یونیورسٹی بننے نہیں دینی،پھر ہم کہتے ہیں ہم تعلیم کو عام کرنا چاہتے ہیں ، یونیورسٹی بنے گی توفائدہ ہوگا، دنیا بڑی عارضی ہے ۔میں اللہ تعالیٰ کو حاضر ناظر جان کر بتا رہا ہوں۔ اس موقع پر تقریب میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ یہ جگہ سیاسی بات کرنے کیلئے مناسب نہیں تھی، ادب کے ساتھ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر ابرارالحق نے نیک مقصد کیلئے یونیورسٹی بنائی تھی تو لوگوں نے دو بار الیکشن میں مسترد نہ کیا ہوتا۔جس پر ابرار الحق نے کہا کہ سب کو پتا ہے وہ فارم 47 تھا، میں سیاسی بات نہیں کرنے آیا۔ میڈیکل کالج بھی عدالت نے بنوایا تھا اب یونیورسٹی بھی عدالت سے ہی بنے گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...