نجکاری کمیشن کو نجکاری وپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیشن بنانے کا فیصلہ
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ختم، اثاثے ، فنڈز، واجبات اور عملہ نئے کمیشن کو منتقل ہونگے نئے کمیشن کو نجکاری، نجی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کی تیاری و نگرانی کے اختیارات ملیں گے
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی حکومت نے نجکاری کمیشن کا دائرہ اختیار وسیع کرکے اسے نجکاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیشن میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس مقصد کے لیے نجکاری کمیشن (دوسری ترمیم)بل 2026 قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کردیا گیا ۔مجوزہ بل کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ختم کرکے اس کے تمام اثاثے ، فنڈز، واجبات، اختیارات اور عملہ نئے کمیشن کو منتقل کیا جائے گا۔ اتھارٹی کے موجودہ ملازمین، مشیروں اور ماہرین کو چھ ماہ یا معاہدے کی مدت ختم ہونے تک برقرار رکھا جائے گا۔ اس دوران تنخواہوں اور مراعات میں کمی نہیں ہوگی، تاہم بعد میں کمیشن قواعد کے مطابق عملے کو برقرار رکھنے ، ذمہ داریاں تبدیل کرنے یا فارغ کرنے کا اختیار رکھے گا۔
نئے کمیشن کو سرکاری اداروں کی نجکاری کے علاوہ وفاقی حکومت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کی پالیسی سازی، فزیبلٹی سٹڈیز، مالیاتی تجزیے ، سرمایہ کاری کے انتظام اور نگرانی کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے ۔ کمیشن صوبائی حکومتوں اور دیگر سرکاری اداروں کو مشاورتی خدمات فراہم کرنے کے ساتھ شراکت داری کے معاہدوں کے ماڈل بھی تیار کرے گا۔کمیشن بورڈ کے زیرانتظام ہوگا، جس میں آٹھ سے بارہ ارکان شامل ہوں گے ۔ اکثریت آزاد ارکان کی ہوگی جبکہ کم از کم دو خواتین اور پی پی پی کا تجربہ رکھنے والا ایک رکن لازمی ہوگا۔ ارکان کی مدت تین سال ہوگی،بل میں منصوبوں کی معاونت کے لیے تین فنڈز، وزارت خزانہ میں مالیاتی خطرات کے جائزے کا یونٹ اورخصوصی نگرانی کمیٹی قائم کرنے کی تجویز ہے۔
شراکت داروں کا انتخاب عمومی طور پر مسابقتی بنیادوں پر ہوگا جبکہ غیرمعمولی حالات میں وفاقی حکومت براہ راست مذاکرات کی اجازت دے سکے گی۔منصوبوں کے دائرہ کار میں تبدیلی کی حد عام حالات میں 15 فیصد اور خصوصی منظوری سے 30 فیصد مقرر کرنے کی تجویز ہے ، بل میں بدعنوانی کی تحقیقات، ثالثی، مصالحت، اپیلٹ ٹربیونل، سرکاری اثاثوں کے تحفظ اور منصوبوں کی مدت مکمل ہونے پر اثاثوں کی واپسی کا طریقہ بھی وضع کیا گیا ہے ۔ ترمیمی بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کے تحت سرکاری غیر منقولہ جائیداد کو متعلقہ کمیشن کی منظوری کے بغیر رہن نہیں رکھا جا سکے گا جبکہ منصوبے کے اثاثوں کی ملکیت اور واپسی کا طریقہ معاہدے کے مطابق طے ہوگا۔ منصوبے کی مدت ختم ہونے پر اثاثوں کی واپسی بھی معاہدے کی شرائط کے تحت ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments