اسعد محمود نیب میں پیش نہ ہوئے ، 13نومبر کو طلبی کیلئے دوسرا نوٹس
بھرتی معاملہ، نیب نے وکیل کے ذریعے بھجوا یا تحریری جواب غیر تسلی بخش قراردیدیا آئندہ پیش نہ ہونیکی صورت میں نیب آرڈیننس کے تحت قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )قومی احتساب بیورو (نیب)راولپنڈی نے سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کو مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے میں دوسرا کال اَپ نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی میں پاکستان پوسٹ کے افسران، اہلکاروں اور دیگر افراد کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کے الزامات پر انکوائری جاری ہے اس سلسلے اسعد محمود کو بھی ان کے دورِ وزارت (2022-23) میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر طلب کیا گیا تھا۔اسعد محمود کو 10 نومبر کو نیب کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم وہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہوئے انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے تحریری جواب نیب کو بھجوا دیا۔نیب حکام نے موصول ہونے والے تحریری جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اسعد محمود کو دوبارہ طلبی کیلئے 13 نومبر جمعہ صبح 11 بجے نیب راولپنڈی کے دفتر میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کر دیا۔نیب کے جاری نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ اور وقت پر پیش نہ ہونے کی صورت میں قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 31 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments