موسمیاتی آفات سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت، قرض نہیں گرانٹ دیں : شہباز شریف

موسمیاتی آفات سے نمٹنے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت، قرض نہیں گرانٹ دیں : شہباز شریف

پانی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جانا چاہیے ،آبی معاہدوں پر ان کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد ناگزیر:وزیراعظم ماحول دوست عملی اقدامات سے مثال قائم کر رہے :کوپ کانفرنس سے خطاب ، اردوان سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

انطالیہ (نیوزایجنسیاں،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کرہ ارض پر زندگی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ عالمی ذمہ داری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی آفات سے نمٹنے کیلئے مؤثر اور منصفانہ اقدامات کے ساتھ ساتھ عالمی یکجہتی کو عملی اقدامات میں بدلنا ہوگا، متاثرہ ممالک کو بروقت مدد اور ایسی مالی معاونت درکار ہوتی ہے جو ان کے  قرضوں میں مزید اضافہ نہ کرے ،اس مقصد کیلئے سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری سمیت گرانٹ پر مبنی مالی معاونت اور موسمیاتی لچک و موافقت کے فنڈز میں نمایاں اضافہ کیا جائے ۔پاکستان ماحول دوست عملی اقدامات کے ذریعے مثال قائم کر رہا ہے ، پانی کو کبھی بھی بطور ہتھیار استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور آبی معاہدوں پر ان کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے سربراہی اجلاس میں قومی بیان پیش کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے 2025ء میں پاکستان کے ضلع بونیر میں آنے والے تباہ کن سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک نوجوان کا پورا گائوں اس کی شادی سے صرف دو روز قبل سیلابی ریلے کی نذر ہو گیا اورشادی کی تیاریوں میں مصروف گھر ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ چند روز بعد انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی جنہوں نے اپنے گھر، روزگار اور پیاروں کو کھو دیا تھا، یہ دکھ ان خاندانوں کا ذاتی المیہ تھا، تاہم اس کے پیچھے موجود خطرے کی علامات پوری دنیا کیلئے ایک انتباہ تھیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان سمیت ترقی پذیر دنیا کے کروڑوں لوگوں کی کہانی ہے جن کا موسمیاتی تبدیلیوں میں حصہ سب سے کم ہے لیکن اس کے سنگین ترین نتائج انہیں بھگتنا پڑ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے 2022ء کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب آ گیا تھا، 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ، 1700 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ معاشی نقصانات 30 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے تھے ۔ وزیراعظم نے 2010 اور 2022ء کے تباہ کن سیلابوں کے دوران پاکستان کا ساتھ دینے پر ترک صدر رجب طیب اردوان، خاتون اول امینہ اردوان اور ترک عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دوستی اور یکجہتی ہمیشہ پاکستانی عوام کے دلوں میں زندہ رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ انطالیہ روانگی سے قبل انہوں نے چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ‘‘ڈوم پلیسمنٹ’’ کی تقریب میں شرکت کی ،جو فعال ہونے کے بعد 1200 میگاواٹ صاف اور کاربن کے اخراج سے پاک بجلی پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عملی مثال قائم کر کے قیادت کر رہا ہے اور صرف دو برسوں میں ملک میں ترسیلی شمسی توانائی کی صلاحیت میں 20 گیگاواٹ سے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے توانائی کے مجموعی ذرائع میں صاف توانائی کا حصہ اب تقریباً 55 فیصد ہو چکا ہے۔ ملک میں برقی نقل و حرکت کو فروغ دیا جا رہا ہے جبکہ 2035 تک کاربن اخراج میں 50 فیصد تک کمی لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ قومی سطح پر کی جانے والی کوششیں منصفانہ عالمی ردعمل کا متبادل نہیں ہوسکتیں۔ موسمیاتی آفات کی صورت میں متاثرہ ممالک کو بروقت مدد اور ایسی مالی معاونت درکار ہوتی ہے جو ان کے قرضوں میں مزید اضافہ نہ کرے ۔ وزیراعظم نے اس مقصد کیلئے سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری سمیت گرانٹ پر مبنی مالی معاونت اور موسمیاتی لچک و موافقت کے فنڈز میں نمایاں اضافے پر زور دیا جو مشکلات سے دوچار معیشتوں کیلئے بقا کے فنڈز کے برابر ہو۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوئی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے گہرے ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، توانائی اور علاقائی روابط کے فروغ سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترک صدر نے پاکستان کے تعمیری کردار اور ان سفارتی کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ۔شہباز شریف نے عراق کے صدر نزار محمد سعید امیدی سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے نزار سعید امیدی اور برادر عراقی عوام کو حالیہ پارلیمانی انتخابات کے کامیاب انعقاد اور نئی حکومت کی تشکیل پر مبارکباد دیتے ہوئے عراق کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی اتحاد اور استحکام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے ۔ شہباز شریف نے سوڈان کی عبوری خودمختار کونسل کے صدر جنرل عبدالفتاح البرہان ، فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سے بھی ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر مفید تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں وزیراعظم اپنا دورئہ ترکیہ مکمل کرنے کے بعد انطالیہ سے وطن واپسی کیلئے روانہ ہوگئے ۔ترکیہ کے نائب وزیر ماحولیات سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...