اپنی زندگی اور گھروں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں:علما
دلوں کو بغض سے پاک رکھو ،اللہ کی رحمت نازل ہوگی :مولانا احمد بٹلہ و احمد لاٹ رائے ونڈ میں تبلیغی جماعت کے اجتماع کے دوسرے مرحلے کی نشستوں سے خطاب
رائے ونڈ(این این آئی)رائے ونڈ میں تبلیغی جماعت کے عالمی اجتماع کے دوسرے مرحلے کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا احمد بٹلہ اور مولانا احمد لاٹ آف انڈیا نے شرکا اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعوت و تبلیغ کی وجہ سے لاکھوں انسانوں کی زندگیوں میں تبدیلیاں آرہی ہیں،اپنے چھ فٹ کے قد پر اسلام نافذ کرو،اپنے گھروں اپنے اہل وعیا ل پر اسلام نافذ کرو،گھروں میں اسلامی ماحول فراہم کرو،اپنے کردار،گفتار اور معاملات میں اسلامی نکھا ر پیدا کرو،اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے جس پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت کی تمام کامیابیاں سمیٹی جاسکتی ہیں۔
زندگی نے ہر حال میں گزر ہی جانا ہے ،اپنے ماحول کو اسلامی بنا لو، اسلام اجتماعیت کا دین ہے جو جوڑ کا حکم دیتا ہے اور توڑ سے بچنے کی تلقین کرتا ہے ،اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوئے بغیر دنیا و آخرت میں نجات ممکن نہیں اللہ سے دوستی کرلو، ساری مشکلات سے نجات مل جائے گی،اپنی زبان کو قابو میں رکھو مغفرت کے لئے سب سے بڑا عمل اپنی زبان سے کسی کو نقصان نہ پہنچانا۔خود کو اور اپنی نسلوں کو غیبت سے بچاؤ ، معاشرہ سلجھ جائے گا، معاشرے میں امن قائم ہو جائے گا۔
اپنے دلوں کو کدورتوں اور بغض سے پاک رکھو ،اللہ کی رحمت نازل ہوگی ،سارا اسلام،سارا دین اور ساری تبلیغ صرف دو عمل پر مشتمل ہے ،زبان کی حفاظت اور دل کا صاف ہونا۔زندگی کا جتنا وقت حضور اکرم ؐ کی محبت اور پیروی میں خرچ ہوگا ،وہی نفع کا سبب بنے گا ،دنیا کی محبت سے نجات حاصل کرلو،زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں ،اپنے کپڑوں کو پاک رکھنے کیساتھ اپنے دلوں کو بھی صاف رکھو جس سے تمہارا تن اور من صاف ہو جائے گا، آج دنیا کی محبت میں دین کو فراموش کردیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments