نئے صوبوں کے قیام پر کوئی آئینی مسودہ نہیں ملا : فریال تالپور

نئے صوبوں کے قیام پر کوئی آئینی مسودہ نہیں ملا : فریال تالپور

معاملے پر بات چیت آئین اور قانونی تقاضوں کے مطابق ہونی چاہیے :پی پی رہنما ڈسپلن خلاف ورزی ، نائب صدر پیپلز پارٹی لاہور وارث جوئیہ عہدے سے فارغ

لاہور (محمد حسن رضا)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے تاحال کوئی آئینی بحث سامنے آئی نہ ہی پیپلز پارٹی کو اس سلسلے میں کوئی آئینی مسودہ فراہم کیا گیا ، اس معاملے پر بات چیت آئین اور قانونی تقاضوں کے مطابق ہونی چاہیے ۔ پیپلز پارٹی تمام معاملات کو آئینی دائرے میں رہ کر آگے بڑھانے کی حامی ہے ۔ لاہور میں پیپلز پارٹی کے بیٹ رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فریال تالپور نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ابھی تک کوئی باضابطہ آئینی بحث سامنے نہیں آئی، اس اہم معاملے پر گفتگو آئین اور قانون کے تقاضوں کو سامنے رکھ کر ہونی چاہیے۔

فریال تالپور نے پنجاب اور سندھ میں طرز حکمرانی اور ترقیاتی اقدامات سے متعلق گفتگو کرتے کہا کہ سندھ کا پنجاب کے ساتھ موازنہ نہیں کیا جا سکتا، سندھ میں ترقی دیکھنی ہے تو تھرپارکر کا دورہ کیا جائے ،پیپلز پارٹی نے گڈ گورننس پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ سندھ حکومت اس کی بہترین مثال ہے ۔ مریم نواز سے متعلق سوال پر فریال تالپور نے کہا کہ پنجاب میں خاتون وزیراعلیٰ کا ہونا خوش آئند ہے ، تاہم ان کا مریم نواز سے کوئی مقابلہ نہیں ، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، عوامی خدمت اور گڈ گورننس کو اہمیت دی ۔ادھر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے ایک ماہ قبل تعینات ہونے والے نائب صدر وارث جوئیہ کو عہدے سے ہٹا دیا، برطرفی کا نوٹیفکیشن مرکزی پارٹی سیکرٹریٹ اور جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی لاہور کو بھجوا دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...