مصطفی کمال ہٹلر نہیں جماعت انکے دفاع میں کھڑی ہو،مرتضیٰ وہاب

مصطفی کمال ہٹلر نہیں جماعت انکے دفاع میں کھڑی ہو،مرتضیٰ وہاب

عمرہ زائرین سے ویکسین کے پیسے وصول کرنیوالوں کی کارکردگی سے خوفزدہ نہیں تقسیم سندھ کے معاملے پر متحدہ رہنما سیاسی شطرنج کے مہرے ، ناصر شاہ و دیگر کا ردعمل

کراچی ( سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال کوئی ہٹلر نہیں کہ ان کے دفاع میں پوری جماعت کھڑی ہوجائے ۔ مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمرے پر جانے والوں سے ویکسین کے پیسے وصول کرنے والوں کی کارکردگی سے ہم خوفزدہ نہیں۔ یہ لوگ عوام کے سامنے کھڑے نہیں ہوسکتے ، وزیراعلیٰ سندھ سے استعفے کا مطالبہ کرنے والے الیکشن میں آجائیں ۔ ترجمان سندھ حکومت افضال نے کہا کہ تعجب ہے فارم 47 کی پیداوار مصطفیٰ کمال ہمیں مینڈیٹ کا طعنہ دے رہے ہیں، ملک میں لسانی سیاست کی بنیاد مصطفیٰ کمال کے سیاسی اجداد نے رکھی۔ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے سندھ کی تقسیم کے مطالبے اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے سندھ سے متعلق بیان پر کہا کہ متحدہ رہنما سندھ کی تقسیم کے معاملے پر سیاسی شطرنج کے مہرے بنے ہوئے ہیں۔

سندھ کی تقسیم کا مطالبہ درحقیقت سیاسی مایوسی اور عوامی حمایت کھونے کا نتیجہ ہے ، متحدہ کو سندھ کی تقسیم کی بات کرنے کے بجائے سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تھا ۔ محمود خان اچکزئی کے سندھ سے متعلق بیان پر انہوں نے کہا کہ سندھ کے حالات کو خیبرپختونخوا سے زیادہ خراب قرار دینے پر انہیں حیرت ہوئی ہے ، محمود خان اچکزئی کو ایسا بیان دینے سے پہلے خیبرپختونخوا کے عوام سے بھی پوچھنا چاہیے تھا کہ انہیں درپیش مسائل اور صوبے کی موجودہ صورتحال کیا ہے ۔ ترجمان سندھ حکومت گنہور خان اسران نے کہا مراد علی شاہ کے استعفے کا مطالبہ کرنے کے بجائے ایم کیو ایم اپنی گرتی ہوئی سیاسی ساکھ بچانے پر توجہ دے اور پہلے اپنے سیاسی کردار کا حساب دے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...