نئے انتظامی یونٹس سے ترقیاتی عمل تیز ہوگا،شہری بول اٹھے
بہتر طرز حکمرانی، انتظامی امور میں بہتری ، عوامی مسائل حل کیلئے نئے صوبے ناگزیر کراچی، کوئٹہ، راولپنڈی، پشاور، ڈی آئی خان ،گوجرانوالہ کے شہریوں کا رائے کا اظہار
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان کے مختلف شہروں کے عوام نے بہتر طرز حکمرانی، انتظامی امور میں بہتری اور عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے نئے صوبوں کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنانے کی حمایت کردی ہے ۔کراچی،کوئٹہ، راولپنڈی، پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان اور گوجرانوالہ کے شہریوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے چاروں صوبوں، بالخصوص سندھ میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جاسکیں۔شہریوں کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے ترقیاتی عمل تیز ہوگا، انتظامی معاملات پر بہتر کنٹرول ممکن بنے گا اور عام آدمی کو سرکاری اداروں تک رسائی میں آسانی ملے گی۔ اس اقدام سے عوام کو فوری انصاف کی فراہمی اور بنیادی مسائل کے حل میں بھی مدد مل سکتی ہے ۔ڈیرہ اسماعیل خان کے شہریوں نے صحت کے نظام میں بہتری اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے الگ صوبے کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بڑے صوبوں میں دور دراز علاقوں کے مسائل بروقت حل کرنا مشکل ہوتا ہے ، اس لیے انتظامی تقسیم وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments