نئے صوبوں پر پس پردہ مشاورت،صدر،وزیراعظم ملاقات اہم
ن لیگ نے ابھی تک اپنی حتمی پالیسی کا اعلان نہیں کیا مگروزرا کے بیانات آرہے
(تجزیہ:سلمان غنی)
وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف کے نئے سال کے آغاز پر نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے تحفظات کے باوجود پس پردہ اس معاملے پر مشاورت جاری ہے ، تاہم یہ دیکھنا ہوگا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کا راستہ اختیار کیا جاتا ہے یا سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کے ذریعے اتفاق رائے پیدا کرکے آگے بڑھتی ہیں۔ اس حوالے سے صدر مملکت آصف علی زرداری کے حالیہ دورہ لاہور اور وزیراعظم شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کو بھی اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔پیپلزپارٹی نئے صوبوں کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں قرارداد کے ذریعے اپنا واضح موقف دے چکی ہے ، تاہم صدر آصف زرداری کا کردار اس حوالے سے اہم سمجھا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے ابھی تک اپنی حتمی پالیسی کا اعلان نہیں کیا لیکن خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر طارق فضل چودھری اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نئے صوبوں کے قیام اور اس مقصد کے لیے ریفرنڈم کے آپشن پر اظہار خیال کر چکے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ مسلم لیگ (ن) پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام پر آمادہ ہے ، تاہم اس عمل کو قومی اتفاق رائے اور پارلیمنٹ کے ذریعے آگے بڑھانے کی حامی ہے ۔اس معاملے میں پیپلزپارٹی کے تحفظات کو بڑی رکاوٹ قرار دیا جا رہا ہے ۔ اگر پیپلزپارٹی آمادگی ظاہر نہیں کرتی تو ریفرنڈم کا آپشن سیاسی دباؤ بڑھانے کا ذریعہ بن سکتا ہے ، تاہم بنیادی سوال یہی ہے کہ آیا ریفرنڈم کے ذریعے پیش رفت ممکن ہوگی یا آئینی تقاضوں کے تحت سیاسی جماعتوں کو پارلیمنٹ میں اتفاق رائے پیدا کرنا پڑے گا۔نئے صوبوں کے قیام کا بنیادی مقصد انتظامی مسائل میں کمی، عوام کو سرکاری اداروں تک بہتر رسائی اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہونا چاہیے لیکن اس کے لیے مالی وسائل، اختیارات، مقامی حکومتوں، مؤثر انتظامی ڈھانچے اور جواب دہی کے نظام کی موجودگی ضروری ہے ۔ محض نئے صوبے بنا دینے سے گورننس کے مسائل حل نہیں ہوں گے جب تک اختیارات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی نہ بنائی جائے ۔ اس وقت یہ معاملہ انتظامی ضرورت سے بڑھ کر سیاسی اتفاق رائے کا امتحان بن چکا ہے ۔اگر سیاسی قوتیں گورننس بہتر بنانے اور عوامی محرومیوں کے خاتمے میں سنجیدہ ہیں تو انہیں انتخابی نعروں کے بجائے اس معاملے پر قومی پالیسی اپنانا ہوگی۔ درست انتظامی منصوبہ بندی اور اتفاق رائے کے ساتھ نئے صوبوں کا قیام ریاست کو عوام کے قریب لانے اور وفاق کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بن سکتا ہے تاہم اس کے لیے سیاسی جماعتوں کو اپنے مفادات سے بالاتر ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔موجودہ صورتحال میں سیاسی جماعتیں اپنے تحفظات ظاہر کرتی نظر آتی ہیں، انہیں خدشہ ہے کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی تشکیل سے ان کی سیاسی پوزیشن اور فیصلہ سازی میں کردار متاثر ہو سکتا ہے ۔
ماضی میں پارٹی قیادت اور خاندانوں کا سیاسی اثر و رسوخ تو مضبوط ہوا لیکن جماعتی ادارے اور جمہوری نظام اس تناسب سے مستحکم نہیں ہو سکے ۔ ملک کو درپیش سنگین مسائل کے پیش نظر اصلاحات کی ضرورت بڑھ رہی ہے ، تاہم ان کے لیے سیاسی جماعتوں کی شمولیت اور اتفاق رائے ناگزیر ہے ۔آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ متعلقہ صوبائی اسمبلی کی بھی دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے ۔ یہی شرط نئے صوبوں کے قیام کے لیے سیاسی اتفاق رائے کو ناگزیر بناتی ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کے ایک ذمہ دار ذریعے نے خواجہ آصف کے بیان کو بعض حلقوں کے دباؤ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کی پالیسی اہم فیصلے پارلیمنٹ کے ذریعے کرنے کی ہے ۔ ان کے مطابق نئے صوبوں جیسے اہم معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی، تاہم اس کے لیے وقت درکار ہوگا۔موجودہ سیاسی ماحول میں نئے صوبوں کے قیام پر اتفاق رائے آسان دکھائی نہیں دیتا کیونکہ معاملہ صرف انتظامی یونٹس کی تشکیل تک محدود نہیں بلکہ اس میں سیاسی طاقت، صوبائی شناخت اور وسائل کی تقسیم جیسے اہم پہلو بھی شامل ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان اتفاق رائے کے بغیر آئینی پیش رفت مشکل ہوگی۔ تحریک انصاف اصولی طور پر نئے صوبوں کی حمایت کرتی رہی ہے ، تاہم وہ اس عمل کو اپنی قیادت کے لیے ریلیف سے مشروط کرتی نظر آتی ہے ، جس سے اس معاملے پر اس کا کردار بھی اہم ہو سکتا ہے ۔ماہرین کے خیال میں اتفاق رائے پیدا کرنے میں بنیادی کردار حکومت کا ہوگا۔
مسلم لیگ (ن) میں یکسوئی پیدا ہونے کی صورت میں پیپلزپارٹی کو بھی اپنے موقف پر نظرثانی کرنا پڑ سکتی ہے جبکہ صدر آصف علی زرداری کا کردار اس ضمن میں اہم ہوگا۔ اعلیٰ سطح حلقوں میں بھی یہ رائے سامنے آ رہی ہے کہ نئے صوبوں کا قیام محض سیاسی یا انتخابی نعرے کے تحت نہیں بلکہ قومی اتفاق رائے ، آئینی تقاضوں اور عوامی خواہشات کو مدنظر رکھ کر ہونا چاہیے ۔ وفاق کو مضبوط بنانے کے لیے اختیارات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے ۔نئے سال تک اس معاملے پر سیاسی سرگرمیوں اور مشاورت کے نتیجے میں کوئی اصولی فیصلہ سامنے آ سکتا ہے ، تاہم فیصلہ کن پیش رفت کے امکانات محدود ہیں۔ نئے صوبوں کا معاملہ اب صرف جنوبی پنجاب کی انتظامی محرومیوں تک محدود نہیں رہا بلکہ اس میں پنجاب کی ممکنہ تقسیم، صوبائی خودمختاری، وسائل کی تقسیم اور مستقبل کی انتظامی سیاست بھی شامل ہو چکی ہے ۔ اصل امتحان یہ ہے کہ کیا سیاسی جماعتیں اپنے مفادات سے بالاتر ہو کر کسی آئینی اور انتظامی حل پر متفق ہو سکتی ہیں یا نئے صوبوں کا معاملہ سیاسی دباؤ اور انتخابی حمایت کے حصول تک محدود رہے گا۔ موجودہ حالات میں نئے سال تک مشاورت اور سیاسی سرگرمی تو ممکن ہے لیکن آئینی منظوری تک پہنچنا مشکل دکھائی دیتا ہے ، البتہ کسی بڑے سیاسی اتفاق رائے کی صورت میں صورتحال تبدیل ہو سکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments