امریکا، روس، چین کا ایٹمی جنگ نہ لڑنے پر اتفاق : اقوام متحدہ میں اصلاحات کا فیصلہ

امریکا، روس، چین کا ایٹمی جنگ نہ لڑنے پر اتفاق : اقوام متحدہ میں اصلاحات کا فیصلہ

شی جن پنگ، ٹرمپ ، پیوٹن عالمی سلامتی کے تحفظ ، سٹرٹیجک استحکام کیلئے پر عزم ہیں:مشترکہ اعلامیہ تاریخ رقم کر رہے : ٹرمپ، سفارتکاری کا نیا باب رقم : پیوٹن، عالمی امن پر مشترکہ موقف: شی جن پنگ

 شینزن ( نیو ز ایجنسیاں )چین، روس اور امریکا نے سہ فریقی سربراہی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے ، جس میں کہا گیا کہ چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر پیوٹن اور امریکی صدر ٹرمپ سٹرٹیجک استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کے تحفظ کیلئے اپنے عزم پر قائم ہیں۔اعلامیے کے مطابق رہنماؤں نے توانائی کے تحفظ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور فراہمی بڑھانے کے منصوبوں پر اتفاق کیا۔ریاستی عہدیداروں کو حاصل استثنیٰ کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت (انٹرنیشنل کریمنل کورٹ، آئی سی سی) اور اس نوعیت کے دیگر اداروں کو اپنے دائرۂ اختیار کا نا جائز استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

جوہری امور پر تینوں رہنماؤں نے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ جوہری جنگ جیتی نہیں جا سکتی اور اسے کبھی لڑا نہیں جانا چاہیے ،تینوں رہنماؤں نے ایٹمی جنگ نہ لڑنے پر اتفاق کیا ۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق سہ فریقی ملاقات کے آغاز میں شی جن پنگ نے جوہری ہتھیاروں کو ’’انسانیت کے سر پر لٹکتی ڈیموکلیز کی تلوار‘‘ قرار دیا تھا۔ قدیم یونانی کہانی میں ڈیموکلیز کی تلوار کو بڑی طاقت یا دولت کے ساتھ جڑے مستقل خطرات کے استعارے کے طور پر استعمال کیا گیا ہے ۔شی جن پنگ نے کہا انہیں مکمل طور پر ممنوع قرار دیا اور مکمل طور پر تباہ کر دینا چاہیے ۔اے ایف پی کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ، امریکی صدر ٹرمپ اور روسی صدر پیوٹن کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تینوں ممالک ریاستی عہدیداروں کو سفارتی استثنیٰ دینے کے اصول کا تحفظ چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ صاف شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور رسد بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

شینزن میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے کہاہم نے جمہوریت کے سوال پر بات کی، جمہوریت کیا ہے ؟ کیا یہ وہ لبرل نظام ہے جسے بعض حلقوں نے تشکیل دیا اور اب بھی پوری دنیا پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟۔چین کے شہر شینزن میں واقع کائلن ولا میں بند کمرے میں ہونے والی بات چیت ایک گھنٹہ 20 منٹ بعد ختم ہوئی۔ٹرمپ نے کہا کہ تینوں رہنما تاریخ رقم کر رہے ہیں جبکہ پیوٹن کا کہنا تھا کہ انہوں نے سفارتکاری کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے ۔شی جن پنگ نے کہا تینوں ممالک عالمی امن کے تحفظ کے حوالے سے مشترکہ نقطہ نظر رکھتے ہیں۔تینوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ میں اصلاحات کے عزم کا بھی اظہار کیا تاکہ عالمی ادارہ دنیا کو درپیش چیلنجز سے زیادہ مؤثر انداز میں نمٹ سکے اور عالمی امن و سلامتی کے اپنے بنیادی مقصد کے مطابق کام کرسکے۔

اس سربراہی اجلاس کے بعد یہ خدشات بڑھ گئے ہیں کہ تینوں طاقتور رہنما دنیا کو اپنے اپنے اثر و رسوخ کے علاقوں میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ اس کی ایک مثال یوکرین اور یورپ کو نظرانداز کرکے یوکرین کے مستقبل سے متعلق فیصلے کرنا ہوسکتی ہے ۔جمعرات کو اس سے قبل ٹرمپ اور پیوٹن کے درمیان الگ ملاقات بھی ہوئی، جو اگست 2025 کے بعد ان کی پہلی ملاقات تھی۔ 80 سالہ امریکی صدر نے روسی ہم منصب کو اپنا دوست قرار دیا، جس پر پیوٹن نے انگریزی میں جواب دیا آپ سے مل کر خوشی ہوئی۔اس کے بعد ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان علیحدہ ملاقات ہوئی۔ رواں سال دونوں رہنماؤں کی یہ تیسری ملاقات تھی۔ امریکی صدر نے چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی خصوصی قرار دیا۔74 سالہ پیوٹن اور 73 سالہ شی جن پنگ کے درمیان بدھ کو ہونے والی ملاقات دونوں رہنماؤں کی 50ویں ملاقات تھی، جس کا ذکر چینی صدر نے خود کیا۔امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما چک شومر نے کہاکہ شی جن پنگ اور پیوٹن ٹرمپ کو ایک سستے ساز کی طرح بجا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...