حکومت 3 ڈویژنز پر مشتمل جنوبی پنجاب صوبہ بنائے :علی حیدر

حکومت 3 ڈویژنز پر مشتمل جنوبی پنجاب صوبہ بنائے :علی حیدر

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں چند سیکرٹریز بٹھانا الگ صوبے کا متبادل نہیں:پارلیمانی لیڈ ر نواز حکومت جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی راہ میں رکاوٹ بنتی رہی:پریس کانفرنس

لاہور (سیاسی نمائندہ)پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی نے پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس میں جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوامی رائے کا احترام کرے اور آئینی رکاوٹیں دور کرکے تین ڈویژن پر مشتمل جنوبی  پنجاب صوبہ بنائے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں چند سیکرٹریز کو بٹھانا الگ صوبے کا متبادل  نہیں، انتظامی یونٹ اور صوبے میں فرق ہے۔ اگر عوام صوبہ چاہتی ہے تو آئینی طریقے سے صوبہ چھوٹا کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی راہ میں رکاوٹ بنتی رہی اور جب بھی صوبے کی بات ہوئی تو واک آؤٹ بھی کیے جاتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کی بحث کا آغاز محسن نقوی نے کیا، اگر پاکستان کے مسائل حل کرنے کے لیے الگ صوبوں کی بات کی جا رہی ہے تو اس پر مکالمہ ہونا چاہیے ۔ محسن نقوی کے بیان پر سب سے پہلے پیپلز پارٹی نے واضح مو قف دیا۔ ہمیں طعنہ دیا جاتا ہے کہ پہلے سندھ کو تقسیم کریں، سندھ اور پنجاب کے معاملے میں تفریق ہے ۔ ایم کیو ایم کا خون بہانے کا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے ، الگ صوبہ بننے سے عوام کے مسائل جلد حل ہو سکیں گے ۔ پنجاب میں اتحادیوں کے ساتھ برا سلوک کیا گیا۔ وفاق میں جو عہدے ملے وہ ووٹوں کے ذریعے حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی حکومت کو خراب نہ کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...