فنڈز کی دوبارہ تخصیص کیلئے 31 مئی کی ڈیڈ لائن برقرار، غیرجاری شدہ بجٹ سے رقم منتقلی پر پابندی
پنشنرز کی زندگی کی تصدیق نادرا سے براہ راست ہوگی، چھ ماہ تک تصدیق نہ ہونے پر پنشن کی ادائیگی عارضی معطل ہوگی وزارت خزانہ نے فنڈز کی دوبارہ تخصیص، اضافی گرانٹس کے اجرا اور پنشن ادائیگیوں کے لیے نئے قواعد جاری کردئیے
اسلام آباد (مدثر علی رانا) وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کے دوران فنڈز کی دوبارہ تخصیص اور اضافی فنڈز کے اجرا کے لیے نئی حکمت عملی جاری کر دی جس کا اطلاق تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، محکموں اور ماتحت اداروں پر ہوگا۔نئی ہدایات کے مطابق فنڈز کی دوبارہ تخصیص کے لیے مجاز افسران تفویض کردہ مالی اختیارات کے تحت فیصلے کر سکیں گے تاہم غیر جاری شدہ بجٹ سے فنڈز کی دوبارہ تخصیص پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وزارت خزانہ نے فنڈز کی دوبارہ تخصیص کے لیے 31 مئی کی ڈیڈ لائن برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ اس میں نرمی کی درخواستیں صرف مخصوص اور ناگزیر معاملات میں زیر غور آئیں گی۔اضافی اخراجات، ملازمین کے اخراجات میں کمی اور جون میں واجب الادا ناگزیر ادائیگیوں کی صورت میں ڈیڈ لائن میں نرمی ممکن ہوگی۔ ملازمین کے اخراجات کے لیے فنڈز کی کمی ہونے پر غیر ملازمتی اخراجات سے رقم منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2026 کے لیے مختص اضافی فنڈز صرف اسی الاؤنس کی ادائیگی پر خرچ کیے جا سکیں گے ۔ اس مقصد کے لیے فنڈز کی منتقلی وزارت خزانہ کے ایکسپنڈیچر ونگ کی مشاورت سے ہوگی۔ فنڈز کی دوبارہ تخصیص کے منظور شدہ احکامات متعلقہ اکاؤنٹنگ دفاتر کو ایس اے پی سسٹم میں اندراج کے لیے بھجوانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔تکنیکی ضمنی گرانٹ کے لیے متعلقہ پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر کو فنڈز کے متبادل ذرائع اور مساوی رقم سرنڈر کرنے کا سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہوگا۔ وزارت خزانہ کا ایکسپنڈیچر ونگ ایسی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لے گا۔ منظوری سے پہلے دستیاب مالی گنجائش اور بجٹ پر عمل درآمد کی رپورٹ بھی دیکھی جائے گی۔ترقیاتی منصوبوں کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی درخواستیں وزارت منصوبہ بندی کے ذریعے پراسیس ہوں گی، جبکہ ان کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کی منظوری لازمی ہوگی۔ منظور شدہ گرانٹس کا اجرا دستیاب فنڈز اور ریلیز سٹریٹجی سے مشروط ہوگا۔
پارلیمنٹ کی منظور کردہ حد سے زیادہ غیر بجٹ شدہ اخراجات کے لیے ضمنی گرانٹ جاری نہیں کی جائے گی۔ شدید قدرتی آفات کے علاوہ اضافی غیر بجٹ شدہ اخراجات کے لیے بھی ضمنی گرانٹ پر پابندی ہوگی۔ درخواست دینے والے محکمے کو ٹھوس وجوہات اور وزارت خزانہ کے متعلقہ ونگ کی سفارشات فراہم کرنا ہوں گی۔ فنڈز کی دوبارہ تخصیص اور اضافی گرانٹس سے متعلق نئی ہدایات موجودہ اور آئندہ تمام مالی سالوں پر لاگو ہوں گی۔دوسری جانب وزارت خزانہ نے ٹیکس ایڈوائزری سروسز کے لیے اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی کو اہل قرار دے دیا ہے ۔ ان خدمات کے حصول کے لیے چار کمپنیوں نے بولیاں جمع کرائی تھیں، جن میں سے اے ایف فرگوسن واحد اہل فرم قرار پائی۔تین دیگر فرموں طاسیر ہادی اینڈ کمپنی، بی ڈی او ابراہیم اینڈ کمپنی اور یوسف عادل چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کو نااہل قرار دیا گیا ہے ۔ وزارت خزانہ کی پروکیورمنٹ کمیٹی نے چاروں فرموں کی بولیوں کا جائزہ مکمل کر لیا ہے ۔
اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی نے ٹیکس ایڈوائزری سروسز کے لیے ایک کروڑ 82 لاکھ 96 ہزار 500 روپے کی بولی جمع کرائی ہے ۔ پاکستان گلوبل سکوک پروگرام کے تحت ابتدائی پروگرام اپ ڈیٹ اور پہلے سکوک کے اجرا کے لیے کمپنی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ سکوک کے آئندہ اجرا اور ضرورت کے مطابق پروگرام اپ ڈیٹ کے لیے بھی اسی کمپنی کی خدمات لی جائیں گی۔تاہم پاکستان گلوبل سکوک کمپنی لمیٹڈ کی ٹیکس کمپلائنس سروسز فی الحال اے ایف فرگوسن کو نہیں دی جائیں گی۔ وزارت خزانہ نے ٹیکس ایڈوائزری سروسز کی جانچ پڑتال کی رپورٹ پیپرا اور وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے پنشنرز کے لیے ڈیجیٹل پروف آف لائف اور پنشن ادائیگی کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت بائیومیٹرک تصدیق اور پروف آف لائف کے عمل میں کمرشل بینکوں کا کردار ختم کر دیا گیا ہے ۔نئے نظام کے تحت پنشنرز کی زندگی کی تصدیق نادرا سے براہ راست اکاؤنٹنٹ جنرل اور ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل کو موصول ہوگی۔ پنشنرز کو ہر چھ ماہ میں کم از کم ایک مرتبہ بائیومیٹرک تصدیق کرانا ہوگی۔وزارت خزانہ کے مطابق مارچ اور ستمبر میں لازمی تصدیق کی شرط ختم کر دی گئی ہے اور اب پنشنرز چھ ماہ کے دوران کسی بھی وقت اپنی تصدیق کرا سکیں گے ۔صرف پروف آف لائف مکمل نہ ہونے کی بنیاد پر بینک پنشنرز کے اکاؤنٹس ڈورمنٹ قرار نہیں دے سکیں گے ۔ تاہم چھ ماہ تک ڈیجیٹل تصدیق نہ ہونے پر پنشن کی ادائیگی عارضی طور پر معطل ہو جائے گی۔ بائیومیٹرک تصدیق مکمل ہونے پر پنشن اور واجبات کی ادائیگی خودکار طور پر بحال ہو جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments