مذاکرات مکمل، پٹرولیم لیوی میں کمی کیلئے پیکیج تیار : لیاقت بلوچ
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے، وقائع نگار، دنیا نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کے ساتھ کمیٹیوں کی سطح پر مذاکرات کا عمل مکمل ہو گیا ہے ،پٹرولیم لیوی میں کمی کے لیے ایک پیکیج تیار کیا ہے۔
حکومت نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر اپنی مشکلات سے بھی آگاہ کیا، اس معاملے پر ایک انڈرسٹینڈنگ ہو گئی ہے اور بجٹ سے پہلے مکمل میکنزم سامنے آ جائے گا۔ 24 یا 25 نومبر کو وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ملاقات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق معاملات حتمی طور پر طے کیے جائیں گے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسحاق ڈار اور دیگر حکومتی کمیٹی کے ارکان کو معاہدے کا جو ڈرافٹ دیا تھا، آج اس پر حتمی موقف سے آگاہ کرنا تھا، حکومت کو بتایا کہ ہمارا مسلسل احتجاج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف تھا، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرے اور عوام کو ریلیف دے ۔اسحاق ڈار سے لیاقت بلوچ کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے فالو اپ ملاقات کی جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور موجودہ ایندھن سبسڈی سکیم کا دائرہ کار بڑھانے کے امکان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments