بلاول نشستوں سے استعفیٰ دیں ہم بھی سوچیں گے : طارق فضل
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو پنجاب کی بات کرتے ہیں تو سندھ کا بھی جائزہ لیں، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کی تھیں تو بلاول پہلے اپنی نشستوں سے استعفیٰ دیں۔
اپنے بیان میں طارق فضل چودھری نے کہا کہ بلاول مخصوص نشستوں سے استعفیٰ دیں پھر ہم بھی سوچیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ریفرنڈم کا آئینی طریقہ کار موجود ہے، ریفرنڈم میں کسی معاملے پر براہ راست عوام کی رائے لی جاتی ہے ، بلاول بھٹو ہمارے اتحادی ہیں اور رہیں گے، اتحادی جماعتوں کو الگ مؤقف رکھنے کا حق حاصل ہے ۔ادھر تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے طارق فضل چودھری سے ملاقات کی ہے جس میں انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کو جو انتخابی اصلاحات کیلئے خط لکھا گیا تھا اس سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔
عامر ڈوگر کے مطابق طارق فضل نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی طرف سے جو ناموں کی لسٹ ہے وہ فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کو بتایا کہ یہ فیصلہ ہم نے اپنی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کرنا ہے ۔ ہماری پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گزشتہ پیر کو ہونا تھا لیکن نہیں ہوسکا۔پی ٹی آئی چیف وہپ کا کہنا تھا کہ ہم نے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونا ہے یا نہیں ہونا اس کا فیصلہ پارلیمانی قیادت کرے گی۔عامر ڈوگر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے چیف جسٹس صاحبان کو لکھے گئے خط پر بھی پارلیمانی پارٹی میں بات ہوگی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانی نے ماضی میں کئی مرتبہ چھوٹے صوبوں کی بات کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments