قائمہ کمیٹی : لائٹ ڈیزل کی فروخت،اصل خریداروں کی تفصیل طلب
لیوی بروقت جمع نہ کرانے پر لائسنس منسوخی، جرمانے اور قید کی سزائیں تجویز کمیٹی نے پٹرولیم اور کاربن سپورٹ لیوی ترمیمی بل آئندہ اجلاس تک مؤخر کردیا
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم نے پٹرولیم اور کاربن سپورٹ لیوی ترمیمی بل 2026 پر غور کرتے ہوئے اسے آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دیا جبکہ لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی فروخت، ترسیل اور اصل خریداروں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ کمیٹی کا اجلاس مصطفی محمود کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں ڈی جی آئل نے بتایا کہ پٹرولیم ایکٹ 1961 کے تحت پٹرولیم لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی عائد کی جاتی ہے ۔ وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ لیوی میں اضافے کاامکان نہیں، بل کا مقصد لیوی کی رقم بروقت قومی خزانے میں جمع کرانا ہے ۔ قانون کے تحت ریفائنریز اور پٹرولیم کاروبار سے منسلک لائسنس یافتہ کمپنیوں پر لیوی لاگو ہوگی اور عدم ادائیگی پر کارروائی کی جاسکے گی۔چیئرمین کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ قانون میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ٹیکس جمع نہ کرانے پر کمپنی کا سی ای او یا سی ایف او کون ذمہ دار ہوگا اور کس کو جیل بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لائسنس منسوخی، جرمانے ، لیٹ پیمنٹ سرچارج اور قید کی سزاؤں کے باوجود ذمہ دار شخص کا تعین واضح نہیں۔ کسی کو بھی بغیر وضاحت جیل بھیجنا مناسب نہیں۔
وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ ٹیکس وصول کرکے حکومت کو جمع نہ کرانا قانونی خلاف ورزی ہے اور لائسنس منسوخی، جرمانے اور قید کی سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ کمیٹی میں 90 روز کی مہلت دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی جس کے بعد عدم ادائیگی پر ڈیفالٹ کی نشاندہی ہوگی۔ ارکان نے ذمہ دار شخص کے تعین اور لائسنس منسوخی کا طریقہ کار قانون میں واضح کرنے پر زور دیا۔کمیٹی نے لائٹ ڈیزل آئل کی فروخت اور ترسیل کے نظام پر بھی سخت سوالات اٹھائے ۔ چیئرمین نے پوچھا کہ ایل ڈی او کتنے پمپس پر فروخت ہورہا ہے ، ریفائنریز سے ڈرموں میں اس کی ترسیل ہوتی ہے یا نہیں اور ٹریکٹروں کے لیے مخصوص ایندھن کہاں استعمال ہورہا ہے ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایل ڈی او مقررہ مقاصد کے بجائے دیگر استعمال میں لایا جارہا ہے اور منی ریفائنریز میں اسے فلٹر کرکے دوبارہ پٹرول پمپس پر فروخت کیا جاتا ہے ۔حکام نے بتایا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ریفائنریز سے ایل ڈی او حاصل کرکے ایجنسیوں کو فراہم کرتی ہیں، جہاں مٹی کا تیل اور ایل ڈی او فروخت ہوتا ہے ۔ چیئرمین نے ایل ڈی او کے اصل خریداروں، فروخت کی مقدار، معیار اور ممکنہ نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے سروے اور مکمل ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں بلوچستان میں گیس کے کم پریشر کا معاملہ بھی اٹھایا گیا اور گیس پریشر بہتر بنانے کے لیے حکومتی اقدامات کی تفصیلات طلب کی گئیں۔ کمیٹی نے پٹرولیم اور کاربن سپورٹ لیوی ترمیمی بل آئندہ اجلاس تک مؤخر کردیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments