چہروں کو تشدد سے بگاڑا گیا اس وقت بھی نہیں چھپایا :رانا ثنا ء

 چہروں کو تشدد سے بگاڑا گیا اس وقت بھی نہیں چھپایا :رانا ثنا ء

دھمکی نامناسب، رانا ثنا نے ہمیشہ مشکلات کا جواں مردی سے سامنا کیا:خواجہ آصف آئینی ترمیم کا زیادہ زرداری کو فائدہ،کوئی کہے زبردستی ترمیم کرائی تو یہ سیاسی بدنیتی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا محسن نقوی کی جانب سے چہرے چھپانے اور چہرہ دکھانے کی بات پر ضرور گلہ تھا کیونکہ وہ اس حقیقت سے واقف ہیں کہ ہمارے چہروں کو تشدد کرکے بگاڑنے کی کوشش کی گئی بلکہ بگاڑا گیا، اس کے باوجود اس وقت بھی اپنے چہرے نہیں چھپائے اور انہی چہروں کے ساتھ میدان میں موجود رہے  ۔ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا محسن نقوی سے نہ کوئی ذاتی مسئلہ تھا نہ ہے ،محسن نقوی کی ذات پر نہیں، بطور وزیر ان کے اقدامات پر اختلاف کیا۔انہوں نے کہا خواجہ صاحب کے بیان کا ان کے اور محسن نقوی کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے جو بات کی ہے وہ ان کے لیے اعزاز ہے اور وہ اس پر ان کے مشکور ہیں۔وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ کوئی اچھی زبان نہیں کہ کہا جائے میں بولوں گا تو تم منہ دکھانے کے قابل نہیں رہو گے ،دھمکی نہیں دینی چاہیے ، یہ سیاسی زبان نہیں، دھمکیوں والی زبان نہ استعمال کریں، سیاسی تنقید بے شک کریں،10 بار کریں۔

اگر آپ طاقتور کے قریب ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کو روند کر نکل جائیں، رانا ثنا اللہ نے ہمیشہ مشکلات کا جواں مردی سے سامنا کیا ہے ،مشکل وقت یا آزمائش کی گھڑی ہو تو ساتھی کو احساس ہونا چاہیے کہ دوست اس کے ساتھ کھڑے ہیں، میں پرانی بات کر رہا ہوں اس وقت تو کوئی مشکل ہے نہ آزمائش کی گھڑی، 25 سال پہلے جو رانا ثنا اللہ کیساتھ کیا گیا، جو قید انہوں نے پی ٹی آئی دور میں بھگتی ہے ، کوئی بھی رانا ثنا کی جگہ ہوتا تو گھٹنے ٹیک دیتا، اس لیے میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔خواجہ آصف نے مزید کہا آئینی ترمیم کا سب سے زیادہ فائدہ زرداری صاحب کو ہوا، اس ترمیم سے ان کو ساری عمر کا استثنیٰ ملا ہے ، وہ ساری ترمیم صدر مملکت کی ذات کے گرد گھومتی تھی، اگر اب کوئی کہتا ہے کہ زبردستی اور دھونس سے ترمیم کروائی گئی تو یہ سیاسی بد نیتی ہے ۔ انہوں نے کہا نواز شریف اس طرح کے معاملات میں شامل نہیں ہوتے ، ہم سیاسی کارکن ہیں، ہم سے غلطیاں ہوتی ہیں، لیکن ہم آخر کار سیاسی ورکر ز ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...