صدر سے بنگالی سپیکر کی ملاقات، دفاعی ، تجارتی تعاون بڑھانے پر زور
اُمید ہے 26 مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دے دی جا ئیگی،وفد سے گفتگو
اسلام آباد (نا مہ نگار، دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے بنگلا دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور بنگلا دیش کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔صدر مملکت نے بنگلہ دیش کے ساتھ دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر نے ملاقات کے دوران زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات خودمختار مساوات، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر استوار ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک مشترکہ تاریخ اور ثقافتی روابط رکھتے ہیں۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پارلیمانی، تجارتی اور تعلیمی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، زراعت، صنعت، فوڈ سکیورٹی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ڈیجیٹل گورننس اور دفاع کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔آصف علی زرداری نے اُمید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان زیر غور تقریباً 26 مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی، اُنہوں نے بنگلا دیشی پارلیمنٹ کے سپیکر کے دورہ پاکستان کو دوطرفہ تعلقات میں مزید پیش رفت کا ذریعہ قرار دیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments