وفاقی آئینی عدالت کاسال مکمل ،جلدانصاف ہمارا عزم ،چیف جسٹس
27ویں آئینی ترمیم پر وکلاء کیساتھ کھل کر اور دوٹوک بحث ہوئی،اعظم نذیرتارڑ
اسلام آباد(دنیانیوز،آن لائن)وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے پہلے سال کی تکمیل پر پاکستان بار کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس جسٹس امین الدین خان نے کہاہے کہ ہمارا عزم ہے کہ مقدمات کے فیصلے جلد از جلد کیے جائیں ، مقدمات کو سالہا سال زیر التوا رکھنے کے بجائے بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانا چاہتے ہیں،ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کا عدالتی معیار عالمی معیار کے برابر لایا جائے جبکہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا وفاقی آئینی عدالت کا قیام وقت کی ضرورت اور سیاسی قیادت و وکلاء کا مشترکہ مطالبہ تھاجس کی ہر شق پر لفظ پر مشاورت کی گئی ،ممبر پاکستان بارکونسل احسن بھون نے کہا پاکستان بار کونسل اور بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے یقین دلاتے ہیں کہ ہم پارلیمنٹ کے قانون سازی کے اختیار کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ صدرسپریم کورٹ بار امجد علی شاہ نے کہا وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے بعد مقدمات کی سماعت اور فیصلوں کے عمل میں تیزی آئی ہے ۔
وفاقی آئینی عدالت اور اس کے ججز کی ایک سالہ کارکردگی سے سپریم کورٹ بار مطمئن ہے ،تقریب میں وفاقی آئینی عدالت، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے ججز سمیت اہم قانونی شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا 27ویں آئینی ترمیم پر وکلاء کے اجتماع میں کھل کر اور دوٹوک انداز میں بحث ہوئی، ماضی میں آرٹیکل 184(3) کا استعمال کس انداز میں ہوتا رہا، اس پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھائے گئے ۔ سابق وزیراعظم کو پھانسی کی سزا سنانے والے بینچ میں وفاقی اکائیوں کی نمائندگی کیا تھی؟ اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا تعین عدلیہ کا نہیں بلکہ انتظامیہ کا اختیار ہے ، کیا اشیائے خورونوش کی قیمتیں مقرر کرنا بھی عدلیہ کی ذمہ داری ہے ؟وزیر قانون نے کہا وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا فیصلہ درست سمت میں پیش رفت ثابت ہو رہا ہے ۔ سپریم کورٹ ایک ہی مقدمے میں مصروف رہتی تو عام شہریوں کو انصاف کیسے ملتا؟ بکریاں فروخت کرکے اپیل دائر کرنے والے عام شہری محمد بوٹا کو انصاف کب ملتا؟ خوش آئند ہے کہ سپریم کورٹ اور ججز نے عدالتی نظام میں اس تبدیلی کو قبول کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments