انٹر کلب کرکٹ :لانڈھی فرینڈز اور عالمگیر جمخانہ کوارٹر فائنل میں

انٹر کلب کرکٹ :لانڈھی فرینڈز اور عالمگیر جمخانہ کوارٹر فائنل میں

فیصل جم خانہ نے قاسمی سی سی کو23رنز سے ہرایا، کورنگی الفتح،ایئر پورٹ جم خانہ کو شکست

کراچی( اسپورٹس رپورٹر) لانڈھی فرینڈز اور عالم گیر جم خانہ نے مہدی حسن میموریل انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پیش قدمی کر لی۔ گزشتہ روز لا نڈھی جم خانہ گراؤنڈ میں لانڈھی فرینڈز نے ایئر پورٹ جم خانہ کو سخت مقابلے کے بعد گیارہ رنز سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے ابتدائی بیٹنگ کرتے ہوئے چالیس اوورزمیں 170رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر ترتیب دیا۔ فیضان خان نے دو چوکوں او ر ایک چھکے سے مزین60رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ واجد علی نے35رنز بنائے۔ محمد عمار نے26رنز کئے۔ عارف خان، آغاصابر اور حارث ایاز نے دو ، دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ جواب میں ایئر پورٹ جم خانہ مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور39اوو کی دوسری گیند پر ڈریسنگ روم میں پہنچ گئی۔ بہرام خان نے تین چھکوں اور تین چوکو ں کی مدد سے 82رنز بٹورے۔ آغاصابر 24رنز بنا کر چلتے بنے۔لیگ اسپنر محمد سلمان نے سترہ رنز دیکر تین وکٹیں اپنے نام کیں عدنان الرحمان نے بھی تین شکار کئے۔ دوسرے میچ میں ٹی ایم سی گراؤنڈ پرعالم گیر جم خانہ نے کورنگی الفتح کلب کو آٹھ رنز سے ہرایا۔ عالم گیر جم خانہ نے پہلے کھیلتے ہوئے172رنز بنائے۔ عبداﷲ شاہ62رنز بنا کر قابل ذکر رہے احسان علی 41رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ لیگ اسپنر محمد وقاص نے اکیس رنز دیکر چار مہرے کھسکائے۔ طاہر نقاش اور ملک آفتاب نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جواب میں کورنگی الفتح 164رنز بنا سکی۔ مہتاب حسن62رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ محمد وقار نے تین وکٹیں لیں۔تیسرے میچ میں فیصل جم خانہ نے قاسمی سی سی کو 23رنز سے مات دی۔ فیصل جم خانہ نے پہلے کھیلتے ہوئے 204 رنز بنائے۔ عرفان علی56ر نز پر ہمت ہار گئے ندیم شاد نے47رنز کئے۔ شعیب شکیل 37رنز کھاتے میں درج کراسکے۔ شاہ زیب علی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں قاسمی کرکٹ کلب181رنز پر زمین بوس ہو گیا ثاقب صدیقی نے54رنز کی مزاحمت کی۔سید طلحہ نے41رنز جوڑے۔ انیس جعفری نے46رنز دیکر تین شکار کئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں