بھارتی بیٹسمین گوتم گمبھیر کو غصہ کیوں آتا ہے

بھارتی بیٹسمین گوتم گمبھیر کو غصہ کیوں آتا ہے

بھارتی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام بائیں ہاتھ کے افتتاحی بیٹسمین گوتم گمبھیر کو غصہ آتے دیر نہیں لگتی،انہیں طیش دلانے کیلئے

نئی دہلی(اسپورٹس ڈیسک) اکثر اوقات کوئی خاص حرکت بھی نہیں کرنا پڑتی جبکہ دہلی کے سلیکٹرز نے تو ان کی بات بھی نہیں سنی جس پر ان کا چراغ پا ہونا لازمی تھا ۔ دہلی کے کپتان اس وقت رانجی ٹرافی کیلئے ٹیم کے انتخاب کی غرض سے بلائے گئے اجلاس سے پاؤں پٹختے ہوئے باہر چلے گئے جب سلیکٹرز نے ان کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے سے انکار کر دیا جنہیں گمبھیر اڑیسہ کیخلاف جمعے سے شروع ہونے والے میچ میں کھلانا چاہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق گوتم گمبھیر کا غصہ اس قدر شدت اختیار کر گیا کہ ایک موقع پر انہوں نے ٹیم کی کپتانی سے بھی انکار کر دیا۔بھارتی ٹیم کے مستند افتتاحی بیٹسمین کا غصہ اس وقت اپنی انتہا کو جا پہنچا جب انہیں حسب خواہش کامبی نیشن دینے سے انکار کر دیا گیاجس کی انہوں نے کچھ آفیشلز سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی بات کو اہمیت ہی نہیں دی جارہی تو پھر اس ٹیم کی کپتانی کرنے کا کیا فائدہ ہے ۔ دہلی ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے حکام کا کہنا ہے کہ گمبھیر کو اس ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے اور اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ ٹیم کی قیادت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کر لیں۔واضح رہے کہ گمبھیر وکٹ کی صورت حال کے مطابق ایک آف اسپن بالر کی شمولیت کا مطالبہ کر رہے تھے جبکہ سلیکٹرز نے ٹیم میں ایک بیٹسمین بڑھا دیا جس پر کپتان کو غصہ آگیا۔چیف سلیکٹر چیتن چوہان نے کپتان سے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پندرہ رکنی اسکواڈ میں دو اسپنرز شامل کئے ہیں اور اب گوتم گمبھیر کو کوئی پریشانی نہیں ہونا چاہئے۔کہا جا رہا ہے کہ گوتم گمبھیر حال ہی میں اچھی کارکردگی کے باوجود بھارتی ٹیم سے باہر ہونے پر بری طرح اپ سیٹ ہیں جس کے سبب ان کی جانب سے اس طرح کا رویہ سامنے آ رہا ہے اور وہ کسی بھی بات پر برس پڑتے ہیںحالانکہ یہ ان کیلئے ایک نقصان دہ بات ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں