محمد عامر کی انگلینڈ کی طرف سے کھیلنے کی سختی سے تردید
پاکستان کرکٹ چھوڑ دی کسی دوسرے ملک کی نمائندگی نہیں کرونگا،سابق پیسر
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر نے انگلینڈ کی طرف سے کرکٹ کھیلنے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی اور ملک کی نمائندگی نہیں کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک انٹرویو کے دوران محمد عامر نے انگلینڈ کی نمائندگی کرنے کی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان کرکٹ چھوڑ دی ہے اور میں کسی دوسرے ملک کی نمائندگی نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ لوگ ایسی افواہیں کیسے پھیلا دیتے ہیں، انہیں کون یہ بتاتا ہے کہ میں کل ہی انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے کیلئے جارہا ہوں اور یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے ۔ اس قسم کا کچھ نہیں ہو رہا۔ محمد عامر نے کہا کہ میری اہلیہ انگلینڈ سے ہیں اس لئے میرے پاس وہاں کا ریزیڈنس کارڈ ہے ۔ اگر آپ ماضی میں دیکھیں تو کھلاڑیوں کے پاس برطانیہ کا پاسپورٹ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں لوگ مجھ سے پاسپورٹ کیوں نکلوانا چاہ رہے ہیں، میرے پاس صرف رہائشی کارڈ ہے اور اگر مجھے برطانوی پاسپورٹ مل بھی جائے تو یہ میرا حق ہے کیونکہ میری اہلیہ اور بچے برطانوی ہیں۔