قلندرز فتح تک نہ پہنچ سکے, گلیڈی ایٹرز سرخرو

قلندرز فتح تک نہ پہنچ سکے, گلیڈی ایٹرز سرخرو

لاہورکی لگاتار دوسری شکست ،کوئٹہ نے 18رنز سے ہرادیا،ٹم ڈیوڈ کے 46رنزرائیگاں،مرد میدان عثمان شنواری اور خرم شہزاد کے 3،3 شکار فاتح ٹیم کے 5 وکٹوں پر 158رنزمیںویدرالڈ 48،سرفراز احمد 34ناٹ آؤٹ اور اعظم خان 3رنزبنا کر نمایاں رہے ،جیمزفالکنر کی3 وکٹیں

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایس ایل سیزن سکس میں لاہور قلندرز کی کامیاب پیش قدمی چکی ہے جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 18رنز سے ہرا کر لگاتار دوسری شکست سے دوچار کردیا،ٹم ڈیوڈ کے 46رائیگاں گئے ،مرد میدان عثمان شنواری اور خرم شہزاد کی تین،تین وکٹوں نے کام کر دکھایا،اس سے قبل فاتح ٹیم کے پانچ وکٹوں پر 158رنز میںجیک ویدرالڈ 48،سرفراز احمد 34ناٹ آؤٹ اور اعظم خان 33رنزبنا کر نمایاں رہے ،جیمزفالکنر کی تین وکٹیں کسی کام نہیں آ سکیں۔ شیخ زیداسٹیڈیم میں ایونٹ کے 23ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر حسب معمول فیلڈ سنبھالی اور عثمان خان صفرپر پویلین لوٹا دیئے گئے لیکن جیک ویدرالڈ نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48رنز بنا کر دس رنز بنانے والے کیمرون ڈیلپورٹ کے ساتھ اننگز کو سنبھالاجبکہ بعد میں اعظم خان کے پانچ چوکوں اور ایک چھکے سمیت 33 رنز کے بعد کپتان سرفراز احمد نے ذمہ داری کے ساتھ ناقابل شکست 34 اور حسان خان نے 12رنز بنا کر مجموعی سکور پانچ وکٹوں پر158رنز تک پہنچا دیا جس کی ایک وقت میں توقع نہیں تھی۔جیمز فالکنر نے تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایاجبکہ ایک،ایک وکٹ راشد خان اور محمد حفیظ کے حصے میں آئی۔لاہور قلندرز کی جوابی اننگز ناکامی کی داستان ثابت ہوئی جب کپتان سہیل اختر صفر کا تحفہ لے کر واپس گئے جبکہ فخر زمان 12اور محمد حفیظ ایک رن پر وکٹ گنوا بیٹھے تو بین ڈنک چھ اور ذیشان اشرف کو بھی 16رنز بنا نے کا موقع مل سکا اور لاہور قلندرز کی پانچ وکٹیں محض 47رنز پر گر گئیں۔ٹم ڈیوڈ نے سخت مزاحمت کرتے ہوئے 46رنز میں چار چوکے اور تین چھکے لگائے مگرحارث رؤف کے 19رنز کے باوجود آخری تین وکٹوں پر بننے والے 74 رنز مجموعی سکور 140تک لے جا سکے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آٹھ میچوں میں دوسری کامیابی ممکن بنا لی اور حیران کن طور پر یہ دوسری فتح بھی ہدف کے کامیاب دفاع کے باعث ممکن ہوئی۔مرد میدان عثمان شنواری نے اور خرم شہزاد نے تین،تین جبکہ محمد نواز اور محمد حسنین نے دو،دو وکٹیں لے کر کامیابی کا سامان کیا مگر لاہور قلندرزکا پوائنٹس ٹیبل پر دوسرا نمبر برقرار ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں