قائد اعظم ٹرافی: سندھ کی ٹیم ساتویں راؤنڈ میں پھسل گئی

قائد اعظم ٹرافی: سندھ کی ٹیم ساتویں راؤنڈ میں پھسل گئی

خیبر پختونخوا کیخلاف 145پر ڈھیر، کپتان اسد شفیق اور فراز علی31،31 رنز بناسکے، فاسٹ باؤلر عرفان کے پانچ شکار،کے پی کے جواب میں دو وکٹوں پر 124رنز ، سدرن پنجاب نے ابتدائی دو وکٹیں 98 رنز پر گنوانے کے بعد بلوچستان کیخلاف تین وکٹوں پر 327 رنز بنا ڈالے،ذیشان اشرف نے 102رنز بنائے

کراچی(سپورٹس ڈیسک)قائد اعظم ٹرافی کے ساتویں راؤنڈ میں سٹیٹ بینک گراؤنڈ پر سرفہرست ٹیم سندھ پہلے ہی روز خیبر پختونخوا کیخلاف پھسل کر محض 145 پر ڈھیر ہو گئی جب کپتان اسد شفیق اور فراز علی یکساں طور پر 31،31 رنز بنا سکے ۔عرفان اللہ شاہ نے پانچ،آصف آفریدی نے تین اور ارشد اقبال نے دو وکٹیں حاصل کیں۔دن کے اختتام تک خیبر پختونخوا نے جواب میں دو وکٹوں پر 124رنز بنا ڈالے ،مصدق احمد 72 اور کپتان افتخار احمد 34 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ یوبی ایل سپورٹس کمپلیکس پر سدرن پنجاب نے ابتدائی دو وکٹیں 98 رنز پر گنوانے کے بعد بلوچستان کے باؤلرز کو بے اثر کرتے ہوئے تین وکٹوں پر 327 رنز بنا ڈالے ۔ذیشان اشرف نے 102رنز بنائے جبکہ آغا سلمان 117 اور یوسف بابر 45 رنز پر کھیل رہے ہیں۔این بی پی سپورٹس کمپلیکس پر بھی ناردرن کی بیٹنگ لائن نے تین وکٹوں پر 323 رنز بنا کر سنٹرل پنجاب پر حکمرانی ثابت کردی۔حیدرعلی 141 اور فیضان ریاض 57 رنز پر کھیل رہے ہیں جبکہ اوپنر محمد ہریرہ 54 اور کپتان عمر امین 50 رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔محمد علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں