ممبئی ٹیسٹ:نیوزی لینڈ اپنی سب سے بڑی شکست سے دوچار

ممبئی ٹیسٹ:نیوزی لینڈ اپنی سب سے بڑی شکست سے دوچار

بھارت کی بھی رنز کے لحاظ سے بڑی کامیابی،ماینک اگروال مرد میدان قرار پائے

ممبئی(اسپورٹس ڈیسک)بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو 372 رنز سے مات دے کر رنز کے لحاظ سے سب سے بڑی کامیابی ممکن بنائی تو یہی نیوزی لینڈ کی طویل فارمیٹ میں سب سے بڑی شکست بھی ثابت ہوئی۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کیویز نے پانچ وکٹوں پر 140 رنز کے ساتھ چوتھی صبح کا آغاز کیا مگر راچین رویندرا 18 اور ہنری نکولس 44 رنز پر رخصت ہوئے تو پوری ٹیم 167 پر لپیٹ دی گئی جو 540 کے مشکل ہدف کا تعاقب کر رہی تھی۔مین آف دی سیریز روی چندرن ایشوین اور جیانت یادیو نے چار،چار وکٹیں حاصل کیں مگر مرد میدان کا ایوارڈ 150 اور 62 رنز بنا کر ماینک اگروال لے اڑے ۔واضح رہے کہ یہ رنز کے لحاظ سے بھارت کی سب سے بڑی ٹیسٹ فتح تھی جس نے دو ہزار پندرہ کے دہلی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو 337 رنز سے شکست دی تھی جبکہ یہ کیویز کی بھی اس طرز میں سب سے بڑی ناکامی ثابت ہوئی جسے دو ہزار سات کے جوہانسبرگ ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کیخلاف 358 رنز سے شکست ہوئی تھی۔بھارتی آف اسپنر روی چندرن ایشوین نے ملک میں کھیلتے ہوئے ٹیسٹ وکٹوں کی ٹرپل سنچری مکمل کرنے کے ساتھ کیریئر میں چوتھی مرتبہ کیلنڈر سال میں پچاس یا زائد وکٹوں کا کارنامہ انجام دے ڈالا۔میچ میں 14وکٹیں لینے والے کیوی اسپنر اعجاز پٹیل ناکامی میں سب سے بہترین کارکردگی کے مالک بالر بن گئے جن کو پہلی اننگز میں دس وکٹیں حاصل کرنے پر خصوصی ٹرافی دی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں