پی ایس ایل نمائشی میچ : افتخار احمد کے طوفانی چھکوں نے ماحول گرما دیا

پی ایس  ایل  نمائشی  میچ  :  افتخار احمد  کے  طوفانی  چھکوں  نے  ماحول  گرما  دیا

کوئٹہ (اسپورٹس ڈیسک ) پی ایس ایل سیزن آٹھ کے نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو تین رنز سے شکست دے دی۔

افتخار احمد نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے فاسٹ بالر وہاب ریاض کو اوور میں چھ چھکے جڑ کر انہیں دن میں تارے دکھا دیئے ۔ میچ کو دیکھنے کیلئے ہزاروں شائقین نے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ تفصیلات کے مطابق بگٹی اسٹیڈیم پر پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 184رنز بنائے ۔افتخاراحمدنے 50 گیندوں پر ناقابل شکست 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔ وہ فاسٹ بالر وہاب ریاض کو اننگز کے آخری اوور میں چھ چھکے لگا نے میں بھی کامیاب رہے۔ مسلسل چھکوں کے بعد اسٹیڈیم میں شائقین کا جوش و خروش دیدنی ہوگیا جنہوں نے تجربہ کار بیٹرکے حق میں نعرے بھی لگائے۔ خوشدل شاہ 24 گیندوں میں 36 رنز بنا کر دوسرے نمایاں کھلاڑی رہے۔ عبدالواحد بنگلزئی نے 19 گیندوں پر 28 رنز بٹورے ۔احسان علی پانچ، کپتان سرفراز احمد چار اور عمر اکمل صفر پر پویلین لوٹے۔ پشاورزلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے تین جبکہ عامر جمال اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم 185 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی ۔وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔کپتان بابر اعظم 18 گیندوں پر 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ شاہد آفریدی 25، صائم ایوب 19، اعظم خان چھ اورعامر جمال ایک رن بناسکے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین اور افتخار احمد دو ،دو جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ میچ کو دیکھنے کیلئے ہزاروں شائقین نے اسٹیڈیم کا رخ کیا تاہم بعض افراد نے انٹر ی پوائنٹس بند ہونے پر احتجاج کرتے ہوئے پتھر برسا ئے جس کے باعث انتظامیہ کوکچھ دیر کیلئے میچ روکناپڑا تھا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں