پاکستان کی افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا اعلان

پاکستان  کی  افغانستان  کے  خلاف  ٹی  ٹوئنٹی  سیریز  کا اعلان

کراچی(اسپورٹس نیوز )پاکستان اور افغانستان کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز رواں سال مارچ کے اواخر میں ہوگی۔

 پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایاکہ دونوں ٹیمیں شارجہ میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کا دورہ آسٹریلیا منسوخ ہونے پر متبادل مصروفیت کے طور پر یہ سیریز شیڈول کی گئی ہے ۔یا درہے کہ آسٹریلیا اور افغانستان کے مابین مارچ میں تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز متحدہ عرب امارات میں ہونا تھی تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے اچانک سیریز کھیلنے سے انکار کردیا جس پر گزشتہ ماہ جنوری میں افغان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ ون ڈے سیریز کھیلنے کے لئے پی سی بی سے رابطہ کیا تھا تاہم مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ون ڈے کی جگہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پررضا مندی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مقابلوں کی آمدنی آپس میں برابر تقسیم کی جائے گی جبکہ پروڈکشن معاملات بھی مشترکہ طور پر دیکھیں گے ۔ نجم سیٹھی کے مطابق انہیں افغانستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اعلان پر خوشی محسوس ہو رہی ہے جس کے ذریعے کینگروز کی مقابلوں سے دستبرداری کے بعد ہونے والے مالی نقصانات کی تلافی ہوسکے گی ۔ یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز 20سے 28مارچ تک یو اے ای میں کھیلی جائے گی جبکہ دونوں ٹیمیں رواں سال اگست میں تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں بھی آمنے سامنے آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے شارجہ کا انتخاب کیاگیا ہے جہاں شائقین تینوں میچوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے ۔و اضح رہے کہ پاکستان کی افغانستان کیخلاف کامیابی کی شرح سو فی صد ہے ۔ قومی ٹیم نے افغان ٹیم کیخلاف چار ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز جیت رکھے ہیں ۔ آخری مرتبہ دونوں ٹیموں کا سامنا ایشیاء کپ میں ہو ا جس میں گرین شرٹس نے ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ جس طرح بھارت، پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو ایشین کرکٹ کونسل کے ریونیو سے حصہ ملتا ہے ، افغانستان کو بھی یکساں رقم ملناچاہئے، اس لئے افغان بورڈ کو اے سی سی ریونیو میں برابر حصہ دینے کی حمایت کی تھی۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں