پی ایس ایل سیزن 8: پشاور زلمی کو ہرا کر لاہور قلندرز کی فائنل میں رسائی

پی ایس  ایل  سیزن 8:  پشاور  زلمی  کو  ہرا  کر  لاہور  قلندرز کی فائنل  میں رسائی

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ سیزن آٹھ کے دوسرے ایلی منیٹر میں پشاور زلمی کو مات دے کر لاہور قلندرز نے فائنل میں رسائی ممکن بنا لی۔

 جہاں آج اس کا فیصلہ کن معرکے میں ملتان سلطانز سے مقابلہ ہوگا،فاتح ٹیم نے 172کا ہدف چھ وکٹوں پر حاصل کیا،طاہر بیگ ففٹی بنا کر مرد میدان قرار پائے ،اس سے قبل ناکام سائیڈ کیلئے محمد حارث کے جارحانہ 85 اور بابر اعظم (42) کے ساتھ 89 رنز کی شراکت رائیگاں چلی گئی،زمان خان اور راشد خان کے دو،دو شکاروں نے اپنا کام کر دکھایا۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ایلی منیٹر میں لاہور قلندرز نے 172رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو فخر زمان 6رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ احسن حفیظ 15اور عبداللہ شفیق بھی دس رنز تک محدود رہے لیکن مرزا طاہر بیگ نے عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاور پلے میںاپنی ٹیم کو 54رنز تک پہنچایا جو نویں اوور تک 69 رنز پر تین وکٹیں کھو بیٹھی مگر سام بلنگز کے ساتھ مرزا طاہر بیگ نے مجموعی اسکور 13اوورز میں مجموعی اسکور 119تک پہنچا کر واپسی کی راہ اختیار کی تو ان کے 54 رنز میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے ۔سام بلنگز نے 28اور سکندر رضا نے 23رنز کا اضافہ کر کے کامیابی کی جانب پیش قدمی جاری رکھی مگر 18اوور میں چھ وکٹیں گرنے کے باوجود ڈیوڈ ویزے 9اور کپتان شاہین آفریدی 12رنز بنا کر لاہور قلندرز کو کامیابی دلاکر میدان سے باہر آئے تو عظمت اللہ عمر زئی کی دو وکٹیں کسی کام نہیں آسکیں جبکہ عامر جمال اور سلمان ارشاد کا جادو بھی نہ چل سکا اور پہلا اوور کرانے کے بعد میدان سے باہر جانے والے وہاب ریاض آٹھویں اوور میں واپسی کے بعد کچھ خاص کامیاب نہیں رہے ۔ اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ شروع کی تو صائم ایوب دوسرے ہی اوور میں 9رنز بنا کر واپس لوٹ گئے مگر کپتان بابر اعظم اور محمد حارث نے صورتحال کو سنبھال کر اپنی ٹیم کو 89رنز کی شراکت کے سہارے بہتر پوزیشن پر پہنچا دیا تھا تو حکمت عملی مرتب کرنے کے ٹائم آؤٹ کے بعد بابر اعظم سات چوکوں سمیت 42رنز بنا کر ایسی بال پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے جو لیگ کی طرف جا رہی تھی مگر بدقسمتی کہ راشد خان کے اسی اوور میں ٹام کوہلر کیڈمور بھی کھاتہ کھولنے سے قبل افغان بالر کو ریٹرن کیچ دے گئے۔ محمد حارث نے 28بالز پر ففٹی مکمل کی اور بھانوکا راجا پکسا کے ساتھ 49 رنز کا اضافہ کیا مگر شاہین آفریدی نے اٹھارہویں اوور میں جدت طراز بیٹر کی رخصتی کا سامان کردیا جو 85 رنز میں گیارہ چوکے اور دو چھکے لگا چکا تھا جبکہ بھانوکا راجا پکسا نے بھی ناقابل شکست 25 رنز بنا کر پشاور زلمی کا مجموعی اسکور پانچ وکٹوں پر 171 تک پہنچایا جو دفاع کیلئے ناکافی ثابت ہوا۔لاہور قلندرز کے زمان خان اور راشد خان نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔فاتح سائیڈ آج چار سیزن کے دوران تیسرے فائنل میں ملتان سلطانز کے مقابل آئے گی تو امکان ہے کہ دونوں ٹیموں میں گھمسان کا رن پڑے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں