زمان خان پاکستانی ٹیم میں آنے کا خواب پورا ہونے پر شاداں

زمان خان پاکستانی ٹیم میں آنے کا خواب پورا ہونے پر شاداں

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)لاہور قلندرز کے فاسٹ بالر زمان خان کا کہنا ہے کہ افغانستان کیخلاف سیریز کیلئے انتخاب کے بعد ان کا پاکستانی ٹیم میں آنے کا خواب پورا ہو گیا ۔

اور اب مقصد یہی ہے کہ پاکستان کیلئے اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی جائے جو انہوں نے فرنچائز کرکٹ میں دکھائی ہے ۔زمان خان نے شعیب اختر کو اپنا آئیڈیل کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کو دیکھ کر بالنگ شروع کی اور ان سے سب سے زیادہ متاثر ہوا جبکہ لاہور قلندرز میں حارث رؤف اور شاہین آفریدی سے بھی بہت کچھ سیکھا ہے جس کو میچوں میں آزمانے کی کوشش جاری رہتی ہے ۔دائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر کا کہنا تھا کہ انہوں نے کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے پی ایس ایل سیون میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی تھی اور اس بار بھی یہی کوشش کی جس کا صلہ قومی ٹیم میں شمولیت کی صورت مل گیا جس کی بہت زیادہ خوشی ہے ۔زمان خان کا کہنا تھا کہ ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے جس کیلئے سخت محنت کرنی پڑتی ہے اور انہوں نے بھی اس مقصد کے حصول کی خاطر بے پناہ محنت کی اور جہاں بھی کھیلنے کا موقع ملا وہاں اچھی کارکردگی دکھائی۔اس مقام تک رسائی کیلئے لاہور قلندرز کے شکر گزار زمان خان کے مطابق کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کے ساتھ ٹیم کا مجموعی کھیل بھی اہمیت کا حامل ہے جو اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ڈیتھ اوورز میں بالنگ کیلئے بہت محنت کرتے ہیں اور آف سیزن میں بھی گھنٹوں پریکٹس جاری رہتی ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں