پاکستان سپر لیگ کو قومی اثاثہ قرار دیا جا رہا ہے ،نجم سیٹھی

پاکستان سپر لیگ کو قومی اثاثہ قرار دیا جا رہا ہے ،نجم سیٹھی

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)بی سی بی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کو قومی اثاثہ قرار دیا جا رہا ہے۔۔

 جس کی ڈیجیٹل پر ریٹنگ آئی پی ایل سے زیادہ جبکہ اس کا ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ہے ۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کے دوران پی ایس ایل سیزن آٹھ کی کامیابی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کی ریکارڈ سیل کے ساتھ ڈیجیٹل پر میڈیا ریٹنگ 10 رہی جوآئی پی ایل سے بھی آگے ہے کیونکہ 150 ملین افراد کا لیگ کو دیکھنا کوئی معمولی بات نہیں ہے ۔لیگ میں مزید دو ٹیموں کے اضافے کا عندیہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ فرنچائز حکام سے اس بارے میں مشاورت کریں گے جبکہ ماڈل کے حوالے سے بھی بات ہوگی کہ دس سال کے بعد کیا کرنا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں اور ٹیکنیشنز سمیت سات مختلف ممالک کے 200 سے زائد افراد پاکستان میں موجود تھے جنہوں نے پی ایس ایل کی کامیابی کا اعتراف کیا۔نجم سیٹھی کے مطابق پی ایس ایل نے ملکی معیشت کا پہیہ چلانے میں بھی اپنا کردار نبھایا ہے کیونکہ اس کی وجہ سے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوئے ،سیاحت کی مدد ہوئی جبکہ ہوٹل انڈسٹری اور ایئرلائنز کے ساتھ سڑکوں کے راستے سفر کا کاروبار بھی بہتر ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی وفاقی حکومت کو 70 کروڑ ٹیکس کے علاوہ سیلز ٹیکس کی مد میں 50 کروڑ اور صوبائی ٹیکسوں کی مد میں مزید 50 کروڑ کی ادائیگی کر کے بزنس کی بہتری میں معاون ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں