ورلڈ کپ:گرین شرٹس کے میچوں کو منتقل کرنے کا اشارہ

ورلڈ کپ:گرین شرٹس کے میچوں کو منتقل کرنے کا اشارہ

دبئی(اسپورٹس ڈیسک ) بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے میچز میزبان ملک بھارت سے بنگلہ دیش منتقل کئے جانے کا امکان ہے ۔

 آئی سی سی کے جنرل منیجر وسیم خان نے بھی گرین شرٹس کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے جانے کا اشارہ دے دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے گزشتہ ہفتے دبئی میں ہونے والے اجلاسوں میں غیررسمی طور پر اس بات پرغور کیا گیا کہ اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان کے میچز دونوں ممالک کی کشیدہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر بنگلہ دیش منتقل کردئیے جائیں۔ اس سلسلے میں ایشیا ء کپ کے ماڈل کو سامنے رکھا جارہا ہے جو پاکستان میں کھیلا جائے گا مگر بھارت کے میچ نیوٹرل وینیو پر منتقل کئے جائیں گے ۔ آئی سی سی اجلاسوں کی سائیڈ لائنز پر ہونے والی غیررسمی بات چیت میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے تجویز دی ہے کہ ایشیاء کپ کے ماڈل کا اطلاق ورلڈ کپ پر بھی کیا جاسکتا ہے ۔ون ڈے ورلڈ کپ پانچ اکتوبر سے بھارت میں کھیلا جائے گا تاہم پی سی بی کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کی شرکت کا انحصار ایشیا ء کپ کے حوالے سے بھارت کے فیصلے پر ہوگا۔ آئی سی سی کے جنرل منیجر وسیم خان کے مطابق ایسالگتا نہیں ہے کہ رواں سال ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ کیلئے پاکستانی ٹیم میزبان ملک بھارت کا دورہ کرے گی اور ہو سکتا ہے کہ پاکستان اپنے میچز کسی غیر جانبدار سرزمین پر کھیلے ۔ انہوں نے بتایاکہ جس طرح بھارت ایشیاء کپ کے میچز کے معاملے پر الگ موقف رکھتا ہے ویسے ہی ون ڈے ورلڈ کپ پر پاکستان کوئی فیصلہ کر سکتا ہے تاہم فی الوقت معلوم نہیں ہے کہ پاکستانی ٹیم کے مقابلے میزبان ملک میں ہوں گے یا کسی دوسری سرزمین پر کھیلے جائیں گے لیکن غیر جانبدار مقام کا بہت زیادہ امکان موجود ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں