سری لنکا یا یو اے ای ؟:ایشیاء کپ کی تقدیر کا فیصلہ 28 مئی کو متوقع

سری لنکا  یا  یو اے ای  ؟:ایشیاء  کپ  کی  تقدیر  کا  فیصلہ  28  مئی  کو  متوقع

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)ایشیاء کپ کی تقدیر کا فیصلہ 28 مئی کو متوقع ہے جب نیوٹرل مقام کیلئے سری لنکا یا یو اے ای میں سے کسی ایک کا انتخاب کرلیا جائے گا۔۔۔

آئی پی ایل فائنل کیلئے احمد آباد میں مدعو سری لنکن،بنگلہ دیشی اور افغان کرکٹ بورڈ کے حکام بی سی سی آئی آفیشلز کے ساتھ غیر رسمی اجلاس میں شرکت کریں گے ،سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ کا کہنا ہے کہ ایشیائی ایونٹ کے سلسلے میں دیگر ممالک کے کرکٹ سربراہوں سے مل کر مستقبل کا لائحہ عمل تیار کریں گے تاہم باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حتمی فیصلے سے قبل پی سی بی اور اے سی سی حکام میں مشاورت بھی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق رواں برس ایشیاء کپ کہاں ہوگا اور اس کا انعقاد ممکن بھی ہو سکے گا یا نہیں ؟ اس کا جواب 28 مئی کو احمد آباد میں ہونے والے ایک غیر رسمی اجلاس میں سامنے آنے کا امکان ہے جہاں آئی پی ایل فائنل کیلئے مدعو کئے جانے والے سری لنکن،بنگلہ دیشی اور افغان کرکٹ بورڈ کے سربراہوں کو بی سی سی آئی حکام سے بات چیت کا موقع ملے گا۔ستمبر میں شیڈول ایشیائی ایونٹ کشیدہ پاک بھارت سیاسی تعلقات کے سبب کئی ماہ سے زیر بحث ہے کیونکہ بھارتی ٹیم حسب عادت پاکستان آنے کو تیار نہیں اور ایشین کرکٹ کونسل اس کا متبادل تلاش کرنے میں ناکام ہے ۔

پاکستان نے چھ ٹیموں کے ایونٹ کیلئے ایک ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا جس کے تحت 13میں سے ابتدائی چار میچز پاکستان میں ہونا ہیں جبکہ فائنل سمیت باقی میچوں کا انعقاد کسی نیوٹرل مقام پر ہونا ہے جس کا اے سی سی حکام پی سی بی سے مذاکرات کے باوجود تاحال تعین نہیں کر سکے ہیں۔ واضح رہے کہ ہائبرڈ ماڈل کے بعد پاکستان اس معاملے پر مزید لچک دکھانے کا متحمل نہیں ہو سکتا اور اب صرف اس بات کا طے ہونا باقی ہے کہ ایشیاء کپ سری لنکا یا یو اے ای میں سے کہاں ہوگا۔اس بابت دو سے تین ممالک اس بات کی یقین دہانی بھی کراچکے ہیں کہ انہیں پاکستان میں اپنے میچز کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن میڈیا کی جانب سے دریافت کرنے پر بیشتر کا جواب یہی ہوتا ہے کہ ابھی ایشیاء کپ کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ جو ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھی ہیں اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ احمد آباد میں آئی پی ایل فائنل کے موقع پر بی سی بی،ایس ایل سی اور اے سی بی کے سربراہ موجود ہوں گے جن کے ساتھ ایشیائی ایونٹ کے سلسلے میں مستقبل کے لائحہ عمل کا خاکہ تیار کرنے کیلئے مذاکرات کریں گے ۔دوسری جانب اتوار کو ہونے والی میٹنگ سے متعلق حکام نے اپنی شناخت پوشیدہ رکھتے ہوئے اس بات کی نشاندہی کردی ہے کہ ایشیاء کپ سے متعلق حتمی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل کے درمیان مکمل ہم آہنگی سے کیا جائے گا البتہ آئندہ ایشین کرکٹ کونسل اجلاس کی کوئی تاریخ طے نہیں کی جاسکی ہے ۔دوسری جانب یہ خبریں بھی سامنے آئی ہیں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستانی ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کے بجائے پورا ایونٹ کسی ایک مقام پر کرانے کا خواہشمند ہے جس کیلئے اس نے سری لنکا کو اولین چوائس بنا رکھا ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں