بلوچستان میں 19 سال بعد نیشنل گیمز کا انعقاد خوش آئند ، عارف علوی
کوئٹہ(اسپورٹس ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 19 سال بعد نیشنل گیمز کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے جو اس بات کی دلیل بھی ہے کہ بلوچستان ایک پر امن صوبہ ہے جہاں صحتمندانہ سرگرمیوں کا انعقاد ممکن ہے ۔۔۔
اور وہ منظم انداز سے مقابلوں کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ 34 ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب کے دوران صدر مملکت نے کامیاب ٹیموں کے ساتھ وزیر کھیل و ثقافت بلوچستان عبدالخالق ہزارہ، چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی ، سیکریٹری اسپورٹس محمد اسحاق جمالی اور بلوچستان پولیس کے نمائندے کو بھی شیلڈ پیش کی تو اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑبھی موجود تھے ۔قومی کھیلوں کے اختتامی روز بلوچی چاپ سمیت رنگا رنگ میوزیکل پروگرام بھی پیش کئے گئے جبکہ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور پاکستان کی تعمیر نو کا فرض نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور آج کی محنت ہی کل کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے جبکہ یہ بات بھی واضح ہے کہ کوئی بھی طاقت بلوچستان اور پاکستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی ۔صدر مملکت نے تمام کھلاڑیوں ، منتظمین اور پولیس حکام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بہترین اور منظم انداز میں قومی سطح کے کھیلوں کا انعقاد ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ۔ چونتیسویں قومی کھیلوں میں پاکستان آرمی نے 199 گولڈ،133سلور اور 66 برانز سمیت 398 میڈلز کے ساتھ مسلسل 24ویں بار چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا جبکہ واپڈا نے 109 گولڈ میڈلز سمیت دوسری اور نیوی نے تیسری پوزیشن یقینی بنائی جس کے حصے میں 28 گولڈ میڈلز آئے ۔پاکستان ایئر فورس نے آٹھ ،ہائر ایجوکیشن کمیشن نے آٹھ،سندھ نے چار،خیبر پختونخوا نے چار،پنجاب نے تین،ریلویز نے تین،بلوچستان نے دو اور پولیس نے ایک گولڈ میڈل جیتا۔