ایمرجنگ ایشیاء کپ:بھارت کیخلاف میچ کا پریشر نہیں،فاطمہ ثناء

ایمرجنگ ایشیاء کپ:بھارت کیخلاف میچ کا پریشر نہیں،فاطمہ ثناء

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستانی خواتین ایمرجنگ کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کا کہنا ہے کہ ان پربھارت کیخلاف میچ کا کوئی پریشر نہیں اور پچھلی مرتبہ کی طرح اس بار بھی کامیابی ممکن بنائیں گے ۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں فاطمہ ثناء کا کہنا تھا کہ کسی بھی کھیل میں کوئی ٹیم چھوٹی یا بڑی نہیں ہوتی اور اسی سوچ کے ساتھ وہ بھی ہر ٹیم کیخلاف عمدگی سے کھیل کر پی سی بی کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گی۔ اے سی سی ویمنز ایمرجنگ ایشیاء کپ کیلئے اچھی امیدیں وابستہ کرنے والی قومی پیسر کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو جونیئر اور ایمرجنگ سطح پر کھیل کر ایک ایسا پلیٹ فارم ملتا ہے جہاں سے کامیابی کے ساتھ اگلے مراحل تک رسائی آسان ہو جاتی ہے اور چونکہ پاکستان کا اسکواڈ اچھا ہے تو ان کی پوری کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیل کر بہتر نتائج کی کوشش کی جائے ۔قومی ایمرجنگ ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا کہ ان کیلئے پوری ٹیم برابر ہے اور ہر کسی کے پاس موقع ہے کہ وہ اچھے کھیل کی بدولت خود کو منوائے۔ فاطمہ ثناء کا کہنا تھا کہ ان کا اسپن اٹیک کافی اچھا ہے جس سے کافی توقعات ہیں جبکہ بیٹرز نے جس انداز سے حالیہ عرصے میں کرکٹ کھیلی ہے وہی معیار قائم رکھا گیا تو ٹیم کیلئے بہتر ثابت ہوگا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں