آئی سی سی حکام دو طرفہ کرکٹ کے پاکستانی انتظامات پر مطمئن
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی جہاں کرکٹ سے متعلق سہولتیں اور پروگرام زبردست ہیں۔
گریگ بارکلے کے مطابق ان کی سوچ یہ ہے کہ آئی سی سی کے تمام رکن ممالک کا دورہ کر کے دیکھا جائے کہ ہر رکن ملک میں کرکٹ اور اس کے انتظامی معاملات اس کے دائرہ اختیار کے تحت کس طرح چلائے جارہے ہیں کیونکہ ہر ملک اپنے سائز، معیشت اور کرکٹ کی درجہ بندی کے اعتبار سے دوسرے سے مختلف ہے اور چونکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آچکی ہے لہذا پاکستان کرکٹ بورڈ دوطرفہ کرکٹ کے انتظامات کے سلسلے میں کامیابی کے ساتھ اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔پہلی مرتبہ پاکستان آنے والے آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو جیف آلرڈائس نے پاکستان کے دو روزہ دورے میں پی سی بی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور بورڈ کے دیگر حکام سے پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی جس میں کرکٹ کی ترقی اور فروغ سے متعلق مشترکہ معاملات پر گفتگو ہوئی اور دونوں آئی سی سی عہدیداروں نے اس کے ساتھ ہی قومی کرکٹ اکیڈمی، شاہی قلعہ،میوزیم، مینار پاکستان اور سیف سٹی پروجیکٹ کا بھی دورہ کیا۔
گریگ بارکلے نے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کو اگلے درجے پر دیکھیں گے جس کے تجارتی اعتبار سے بھی مثبت اثرات نظر آئیں گے ۔پاکستانی مینز اور ویمنز کرکٹ کی ترقی اور انتظامی سطح پر پلاننگ پر خوش گریگ بارکلے کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر مقابلوں میں شرکت اور کامیابیوں کے تناظر میں صلاحیت کے اعتبار سے پاکستان کی خواتین کرکٹ کا مستقبل بہت اچھا ہوگا اور انہوں نے پاکستان کے دورے میں جو کچھ دیکھا ہے اس سے وہ بے حد متاثر ہوئے ہیں جبکہ کھیل کی دنیا بھر میں وسعت کے حوالے سے پی سی بی کی موجودگی خوشی کا باعث ہے ۔