جونیئر ایشیاء ہاکی کپ:پاکستانی ٹیم کے ہاتھوں سے ٹائٹل پھسل گیا
صلالہ(اسپورٹس ڈیسک)مینز جونیئر ایشیائہاکی کپ میں پاکستانی ٹیم کے ہاتھوں سے ٹائٹل پھسل گیا جب دو،ایک سے کامیاب بھارتی ٹیم نے ریکارڈ چوتھی مرتبہ ٹرافی پر قبضہ جما لیا۔
انگد بیر سنگھ اور اریجیت سنگھ ہندل کے گول کارگر ثابت ہوئے ، پاکستان کیلئے بشارت علی نے واحد گول اسکور کیا،قومی گول کیپر علی رضا کا شاندار دفاعی کھیل مگرفنشنگ کے فقدان کے سبب فارورڈز اختتامی لمحات میں گول اسکورنگ سے قاصر رہے ،ملائیشیا کو ہرا کر کوریا نے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔صلالہ کے سلطان قابوس یوتھ اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکے میں دونوں ملکوں کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی اور بھارتی ٹیم نے اپنی تیزی اور مستعدی کی بدولت پہلے کوارٹر کے دوران چند منٹ کے وقفے میں تین پنالٹی کارنرز حاصل کئے جن کو پاکستانی گول کیپر علی رضا اور دفاعی کھلاڑیوں نے ناکام بنایا مگر ٍتیرہویں منٹ میں انگد بیر سنگھ نے گول کر کے بھارت کو ایک، صفر کی برتری دلادی ۔
دوسرے کوارٹر میں بیسویں منٹ کے دوران اریجیت سنگھ ہندل نے بھارت کیلئے دوسرا گول بنایا تو پاکستانی ٹیم مکمل دباؤ کا شکار ہو چکی تھی مگر اس نے کم بیک کرنے کی کوشش جاری رکھی اور تیسرے کوارٹر میں بشارت علی نے پاکستان کیلئے گول کر کے خسارہ کم کیا اور چوتھے کوارٹر میں بھارتی ٹیم کو مکمل طور پر دباؤ میں رکھا مگر فنشنگ کے فقدان کے سبب گول اسکورنگ سے قاصر رہے اور اس دوران ملنے والے پنالٹی کارنرز بھی ہدف سے دوری اور ٹائمنگ کے فقدان کے سبب کارآمد ثابت نہیں ہو سکے یوں دو،ایک سے کامیابی کے بعدبھارتی ٹیم مینز جونیئر ایشیاء کپ کی تاریخ میں سب سے کامیاب ٹیم بن گئی جس نے دو ہزار چار،دو ہزار آٹھ اور دو ہزار پندرہ کے بعد چوتھی مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا جس کیلئے اتم سنگھ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔واضھ رہے کہ پاکستانی ٹیم بھی 1988ء سے 1996ء تک تین مرتبہ جونیئر ایشیاء کپ جیتنے کا اعزاز رکھتی ہے ۔بھارتی ٹیم نے طلائی اور پاکستان نے چاندی کے تمغے جیتے جبکہ ملائیشیا کو دو،ایک سے ہرانے والی ٹیم کوریا نے تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈلز یقینی بنائے ۔پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے میچ میں جاپان نے بنگلہ دیش کو ایک کے مقابلے میں چھ گولز سے مات دی جبکہ ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کے میچ میں میزبان سائیڈ اومان نے تھائی لینڈ کو دو،ایک سے ہرایا اور نویں سے دسویں پوزیشن کے معرکے میں ازبکستان نے چائنیز تائپے کو ایک کے مقابلے میں چار گولز سے ٹھکانے لگا دیا تھا۔