ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ:بھارتی بیٹنگ لائن کی بھرپور مزاحمت

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ:بھارتی بیٹنگ لائن کی بھرپور مزاحمت

اوول(اسپورٹس ڈیسک)ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فیصلہ کن معرکے کے چوتھے روز 444 کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 3/164 تک رسائی ممکن بنا لی جبکہ ویرات کوہلی اور اجنکیا رہانے کی شراکت مستحکمہوگئی ہے ۔

ہدف ملنے پر بھارت کیلئے شبمان گل 18 اور روہیت شرما 43 رنز بنا کر لوٹ گئے جبکہ چتیشور پجارا بھی 27 رنز تک محدود رہے تو بھارت کی تین وکٹیں 93 رنز پر گر چکی تھیں مگر ویرات کوہلی اور اجنکیا رہانے چوتھی وکٹ پر 71 رنز کا اضافہ کر کے دن کے اختتام تک اسکور تین وکٹوں پر 164 رنز تک لے گئے ۔ویرات کوہلی 44 اور اجنکیا رہانے 20 رنز پر کھیل رہے ہیں مگر کامیابی کیلئے سات وکٹوں کی موجودگی میں مزید 280 رنز درکار ہیں۔اس سے قبل آسٹریلیا نے چار وکٹوں پر 123 رنز کے ساتھ اپنی دوسری نامکمل اننگز شروع کی تو مارنوس لبوشین 41 اور کیمرون گرین 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔وکٹ کیپر الیکس کیری نے ایک مرتبہ پھر موثر بیٹنگ کی بدولت آٹھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 66 رنز بنائے اور 41 رنز اسکور کرنے والے مچل اسٹارک کے ساتھ 93 قیمتی رنز کا اضافہ کیا مگر کپتان پیٹ کمنز نے آٹھ وکٹوں پر 270 رنز بنانے پر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی۔بھارت کیلئے رویندر جڈیجا نے تین جبکہ محمد شامی اور اومیش یادیو نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں