محمد رضوان کا’’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘ کا پیغام

محمد رضوان کا’’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘ کا پیغام

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)قومی فاسٹ بالر شاہین آفریدی کے بعد وکٹ کیپر اور بیٹر محمد رضوان بھی ’’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘ کا پیغام لے کر سامنے آگئے ہیں جنہوں نے پاکستانی ٹیم میں اختلافات کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا ہے ۔

محمد رضوان نے ڈریسنگ روم میں مبینہ اختلافات کی افواہوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں تمام کھلاڑی گراؤنڈ کے اندر گول دائرے میں ایک دوسرے کے کاندھوں پر ہاتھ رکھ کر کھڑے ہیں اور عقب میں قومی پرچم لہراتا نظر آ رہا ہے ۔قومی وکٹ کیپر نے اپنی پوسٹ میں مشہور ملی نغمے ’’اس پر چم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘ کا سہارا لیتے ہوئے کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات کی خبروں کو مسترد کرکے یکجہتی کا پیغام دے دیا اور واضح کردیا کہ ایشیاء کپ میں سری لنکا کیخلاف ناکامی کے بعد ٹیم میٹنگ کے دوران سخت جملوں کا تبادلہ نہیں ہوا تھا ۔بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کپتان بابراعظم نے سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا جس کے جواب میں شاہین آفریدی ساتھیوں کی حمایت میں بول پڑے جس پر دونوں کے درمیان مبینہ تکرار کے بعد محمد رضوان کو صلح صفائی کرانی پڑی تھی۔بابراعظم نے منگل کو کراچی میں شاہین آفریدی کی بارات میں بھی شرکت کی تھی اور اس موقع پر دونوں قومی کرکٹرز ایک دوسرے کے ساتھ کافی خوشگوار موڈ میں نظر آئے تھے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں