ایشین گیمز : ہاکی میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز : ویمنز کرکٹ ٹیم کو شکست
ہانگزو(اسپورٹس ڈیسک)انیسیویں ایشین گیمز ویمنز کرکٹ ایونٹ میں سری لنکا نے پاکستان کو 6وکٹوں سے شکست دے دی،پاکستان ویمنز کو کانسی کے تمغے کیلئے آج بنگلہ دیش کا چیلنج درپیش ہو گا ۔۔
جبکہ بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں طلائی تمغے کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گی۔ ہاکی ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے سنگاپور کو گیارہ صفر کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ایشین گیمز ہاکی ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے عمادمحمد، احمد ارباز اور لیاقت ارشد نے 2،2گول سکور کئے جب کہ رانا عبدالوحید، حیات زکریا، رحمان عبدل، افراز اور محمدسفیان نے 1،1گول کیا۔پاکستان نے پہلے کوارٹر میں 1، دوسرے میں 5، تیسرے میں 4 اور آخری میں 1گول کیا۔ قومی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں بنگلا دیش سے کل ٹکرائے گی۔ اس سے قبل بھارت نے اپنے پہلے میچ میں ازبکستان کو 16-0 کے مارجن سے شکست دے کر پہلی کامیابی سمیٹی تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کیمطابق پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر75 رنز بنائے ،سری لنکا کی طرف سے اودیشیکا پرابودھانی نے 21 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں سری لنکا ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16.3اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ہارشیتھا سمارا وکرما اور نیلاکشی ڈی سلوا کی شراکت میں بننے والے 35 رنز نے سری لنکا کی جیت ممکن بنادی۔ سمارا وکرما 23 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئیں ۔ بھارت نے پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو باآسانی 8 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ بنگلہ دیش ویمن پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17.5 اوورز 51 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں ، جواب میں بھارت ویمن نے مطلوبہ ہدف 8.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔