نیوزی لینڈ ویمنزکوشکست،ٹی 20سیریزپاکستان کے نام

نیوزی لینڈ ویمنزکوشکست،ٹی 20سیریزپاکستان کے نام

ڈونیڈن (اسپورٹس ڈیسک )پاکستان ویمنز ٹیم نے دوسرے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 10 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ پاکستان ویمنز ٹیم کی نیوزی لینڈ کیخلاف 10 ٹی ٹونٹی میچوں میں یہ مسلسل دوسری فتح ہے ۔ عالیہ ریاض کو شاندار بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 یونیورسٹی اوول ، ڈونیڈن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستا نی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بناکر میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے 138 رنز کا ہدف دیا۔ منیبہ علی نے 6 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے ،عالیہ ریاض نے ناقابل شکست 32 رنز سکور کئے ۔بسمہ معروف 21 رنز بناسکیں۔نیوزی لینڈ ویمنز کی طرف سے فران جونزاور مولی پنفولڈ نے دو،دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں پاکستان کی فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال کی عمدہ باؤلنگ کے باعث نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بناسکی۔ ہننا رو نے 33 اور جارجیا پلمر نے 28 رنز بنا ئے ، فاطمہ ثنا نے تین جبکہ سعدیہ اقبال نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری میچ 9 دسمبر کو جان ڈیوس اوول، کوئنز ٹان میں کھیلا جائے گا۔ تاریخی کامیابی کے بعد کپتان ندا ڈار اور بسمہ معروف کا آل راؤنڈر عالیہ ریاض کے ساتھ گفتگو میں کہنا تھا کہ بڑے عرصے سے خواہش تھی کہ بڑی ٹیموں کے خلاف اچھا پرفارم کریں۔ لڑکیاں اب ٹاپ ٹیموں سے اچھا مقابلہ کر رہی ہیں، اب ہم مزید آگے ہی جائیں گے ۔ ہماری خواہش ہے کہ ہم نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کو وائٹ واش کریں۔ علاوہ ازیں چیئرمین پی سی بی ذکااشرف ،نگران وزیراعظم انوارالحق ،نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر،سابق وزیراعظم شہبازشریف ،بلاول بھٹو اوردیگرنے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کااظہارکیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں