پرائم منسٹر الیون اور پاکستان کا وارم اپ میچ آج سے شروع
کینبرا(اسپورٹس ڈیسک)پرائم منسٹرالیون اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار روزہ وارم اپ میچ آج کینبرامیں شروع ہوگا۔ ساؤتھ آسٹریلیا کے بیٹر نیتھن میک سوینی پرائم منسٹر الیون اورقومی ٹیم کی قیادت شان مسعودکرینگے ۔
واحد چار روزہ میچ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کینبرا میں ہوئی۔ مانوکا اوول میں پاکستانی کپتان شان مسعود اور پی ایم الیون کے کپتان نیتھن میک سوینی نے مشترکہ طور پر ٹرافی کی رونمائی کی اور ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بنوائیں اور مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ نیتھن میک سوینی نے کہا کہ پاکستان کے پاس اچھے بالرز ہیں، کوشش کریں گے بہترین کرکٹ کھیلیں میں سابق کپتان بابراعظم اور فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کے خلاف کھیلنے کیلئے بہت پرجوش ہوں، جبکہ شان مسعود نے کہا کہ بیٹنگ کے دوران ہمیں رنز بنانے کی رفتار تیز کرنی ہوگی، اگر بالرز 20 وکٹیں لیں گے تو ہمارے لیے پلانز پر عملدرآمد کرنا آسان ہوجائے گا۔ امام الحق اور عبداللہ شفیق اوپننگ کریں گے جبکہ بابراعظم نمبر 4 پر کھیلیں گے ، سرفراز احمد کو محمد رضوان پر ترجیح دیں گے ۔ آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر دنیائے کرکٹ کے بہترین ایمبیسڈر ہیں تاہم یہ سیریز انکے لیے مختلف چیلنجز سے بھرپور ہوگی۔