پریکٹس میچ : پاکستان کے پہلی اننگز میں 324 رنز شان کی سنچری

پریکٹس  میچ  :  پاکستان  کے  پہلی  اننگز  میں  324  رنز  شان  کی  سنچری

کینبرا (اسپورٹس ڈیسک)کپتان شان مسعود کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت پاکستان نے آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کیخلاف کینبرا میں کھیلے جارہے چار روزہ وارم اپ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنالئے ۔پاکستان ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور کپتان شان مسعود 156 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ پر 96 قیمتی رنز بنائے ۔

آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کی طرف سے جارڈن بکنگھم نے تین ،مارک سٹیکیٹی ،نیتھن مک اینڈریو اور ٹوڈ مرفی نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ کینبرا کے مانوکا اوول گرانڈ میں پاکستان اور آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کے درمیان چار روزہ وارم اپ میچ شروع ہوا تو پاکستانی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام الحق 9 رنز بنا کر جارڈن بکنگھم کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آٹ ہو گئے ۔عبداللہ شفیق 38 رنز بنا کر سٹیکیٹی کی گیند پر بینکرافٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ بابر اعظم 40 رنز بنا کر جارڈن بکنگھم گیند پر پیئرسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ سعود شکیل بھی چائے کے وقفے کے بعد جلد ہی آٹ ہو گئے اور انہوں نے 13 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اس دوران شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کرلی۔ سرفراز احمد پاکستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 41 رنز بناکر جارڈن بکنگھم کی گیند پر پیئر سن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔فہیم اشرف 17 رنز بناکر مک اینڈریو کی گیند پر بینکرافٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنالئے تھے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں