دورہ پاکستان سے قبل کیویز کو بڑا دھچکا ، 2 اہم کھلاڑی سکواڈ سے باہر

دورہ  پاکستان  سے  قبل  کیویز  کو  بڑا  دھچکا  ،  2 اہم  کھلاڑی   سکواڈ  سے  باہر

کرائسٹ چرچ،اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک )نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی 20سیریز کیلئے دورہ پاکستان پر روانگی سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا، کیویز ٹیم کے دو اہم کھلاڑی فن ایلن اور ایڈم ملنے پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق فن ایلن اور ایڈم ملنے ٹریننگ کے دوران انجری سے دوچار ہوئے جس کے بعد دونوں کھلاڑی پاکستان کے خلاف سیریز کیلئے دستیاب نہیں ہو پائیں گے ۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق فن ایلن کمر جبکہ ایڈم ملنے ٹخنے کی انجری کا شکار ہوئے ہیں، دونوں کھلاڑیوں کی انجری کے بعد وکٹ کیپر بیٹر ٹام بلنڈل اور آل راؤنڈر زیک فاولکس کو سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے ۔ادھر نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کے سینئر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو نائب کپتان بنائے جانے کا امکان ہے ۔گزشتہ دنوں چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں روٹیشن پالیسی ہو گی، یہ پالیسی کپتان پر بھی لاگو ہو گی، تاہم اس وقت نائب کپتان کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے سلیکٹرز اب نائب کپتان کے لیے ناموں کا جائزہ لے رہے ہیں اور رضوان اس ذمہ داری کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، ساتھ ہی شاداب خان کے نام پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کے بعد نیوزی لینڈ کا دورہ کریگی ۔پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے درمیان پاکستان ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ میں ردو بدل کے حوالے سے بات چیت جاری ہے ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے تصدیق کی ہے کہ چند ہفتوں میں معاملات طے ہو جائیں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں