پاک نیوزی لینڈ سیریز کل سے شروع : شاہین آفریدی اور 2 سپنرز کو کھلانے کا عندیہ

پاک  نیوزی  لینڈ  سیریز  کل سے شروع  :  شاہین  آفریدی  اور  2 سپنرز  کو  کھلانے  کا  عندیہ

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان ٹی 20سیریزکل سے شروع ہوگی اوردونوں ٹیمیں پنڈی سٹیڈیم میں پنجہ آزماہونگی ،گزشتہ روزدونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی۔پاکستان ی ٹیم نے ہیڈ کوچ اظہر محمود کی نگرانی میں بالنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔

آج بھی دونوں ٹیمیں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی۔ ادھرقومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ اظہر محمود نے پنڈی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹی ٹونٹی سکواڈ میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے ، پالیسی کے تحت بابراعظم سمیت کسی بھی کھلاڑی کو آرام دیا جا سکتا ہے جبکہ شاہین آفریدی کو پہلے میچز میں ریسٹ دینے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔روٹیشن پالیسی کو مدنظر رکھ کر پلیئنگ الیون بنائی جائے گی، بارش کے باعث دو سپنرز کے ساتھ بھی جایا جاسکتا ہے ۔ عامرجمال مستقبل کا بہترین آل راؤنڈر ثابت ہوگا۔ کاکول کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس رپورٹ سے مطمئن ہیں،اس کا فائدہ ہوگا،قومی ٹیم کے تمام شعبے مضبوط ہیں، بابر، صائم، رضوان اور فخر میں سے کون اوپننگ کرتا ہے یہ کل پتہ چل جائے گا۔ محمدعامر اور عمادوسیم کی واپسی سے ٹیم مضبوط ہوئی۔ نیوزی لینڈ کا سکواڈ نیا ہے لیکن ڈومیسٹک کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں، ٹی ٹونٹی میں کوئی بھی ٹیم ہلکی نہیں ہوتی،نیوزی لینڈ کو بی یا سی ٹیم نہیں کہوں گا، ادھرنیوزی لینڈ ٹیم کے کھلاڑی مارک چیمپمین نے کہا کہ نیوزی لینڈ ٹیم میں سنیئر کھلاڑیوں کی کمی ضرور محسوس ہوگی،امید کرتے ہیں کہ گزشتہ سال کی طرح اچھی سیریز ہوگی ، پاکستان مضبوط اور اپنی کنڈیشنر میں خطرناک ٹیم ہے ،محمدعامر ایک کوالٹی بولر ہیں ان کی واپسی خوش آئند ہے ، فاسٹ باؤلنگ کاٹیلنٹ پاکستان کے پاس ہمیشہ ہوتا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں