محمد رضوان بطور اوپنر کھیلنے کے خواہشمند ، ٹیم مینجمنٹ آڑے آنے لگی

محمد  رضوان  بطور  اوپنر  کھیلنے  کے  خواہشمند  ،  ٹیم  مینجمنٹ  آڑے  آنے  لگی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم میں بیٹرز کی پوزیشن معمہ بن کر رہ گئی، ٹیم مینجمنٹ نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹاپ آرڈر بلے باز عثمان خان اور فخر زمان ٹی20 فارمیٹ میں تیسرے نمبر کی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ ٹیم مینجمنٹ محمد رضوان کو چوتھی پوزیشن پر کھلانا چاہتی ہے ۔ٹیم مینجمنٹ کے کئی ارکان وکٹ کیپر بیٹر کی پوزیشن تبدیل کرنے کے حق میں ہے تاہم کپتان بابراعظم اس سے متفق نہیں ہیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ صائم ایوب کی کارکردگی میں ناکامی کی صورت میں رضوان اننگز کا آغاز کریں۔ذرائع کا کہناہے کہ رضوان اپنی بیٹنگ پوزیشن میں تبدیلی سے پریشان ہیں کیونکہ وہ اس پوزیشن پر اچھی کارکردگی مظاہرہ کرنے میں ناکام ہورہے ہیں اور وہ ٹی 20میں بطور اوپنر ہی کھیلناچاہتے ہیں ،دوسری جانب کمزور کیوی سائیڈ کیخلاف فخر زمان کو تاحال موقع نہیں مل سکا جبکہ عثمان خان دو میچز میں محض 12رنز بناسکے ہیں۔ ایک اطلاع کے مطابق ے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے بقیہ 2 میچز میں شرکت مشکوک ہے ۔ذرائع کے مطابق محمد رضوان سے متعلق ٹیم مینجمنٹ آج سکین رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کرے گی۔محمد رضوان کچھ عرصے سے ٹانگ کی تکلیف کا شکار ہیں، انہیں تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں زیادہ تکلیف محسوس ہوئی تھی اور وہ بیٹنگ چھوڑ کر میدان سے باہر چلے گئے تھے جبکہ وکٹ کیپنگ کیلئے بھی میدان میں نہیں آئے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں